لاہور (مشرق نیوز) پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی اداکارہ سارہ خان نے ایک تازہ انٹرویو میں ایسا بیان دے دیا ہے جس نے انٹرنیٹ پر بحث چھیڑ دی ہے۔ اپنی خوبصورتی، باصلاحیت اداکاری اور شوہر فلک شبیر کے ساتھ محبت بھری تصویروں کیلئے مشہور سارہ خان نے اس بار خبروں میں جگہ اپنی کسی ڈرامے سے نہیں بلکہ اپنے خیالات سے بنائی ہے۔
نجی ادارے کو دئیے گئے انٹرویو میں سارہ نے خود کو بہت بڑی فیمینسٹ ماننے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود کو پرانے وقتوں کی عورت سمجھتی ہیں۔ ان کے مطابق مردوں کو وہ مقام دینا چاہئے جو ان کیلئے مخصوص ہے تاکہ عورتیں سکون سے جی سکیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ گھر میں رہنے والی عورت ہیں، انہیں بلوں کی قطاروں میں لگنا پسند نہیں، یہ کام مردوں کیلئے بہتر ہے۔ ”مرد، مرد ہی رہیں، اور عورتیں گھر میں“، انکے اس بیان نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا کر دیا۔
جہاں ایک طرف کچھ لوگ سارہ کے اس نظرئیے پر تنقید کر رہے ہیں، وہیں بہت سے صارفین نے انکے خیالات کی کھل کر حمایت کی ہے۔ ایک صارف نے لکھا کہ ”وہ بالکل درست اقدار کی ترجمانی کر رہی ہیں“۔ دوسرے نے تبصرہ کیا کہ ”روایتی صنفی کردار ہی سب سے بہتر ہیں“ ایک اور نے کہاکہ ”اسلام نے عورت کو تمام حقوق دئیے ہیں، ہمیں مغربی فیمینزم کی ضرورت نہیں“۔
سارہ خان اس وقت ڈرامہ ”شیر“ میں دانش تیمور کے ساتھ پہلی بار جلوہ گر ہونے جا رہی ہیں جس کا مداحوں کو بے چینی سے انتظار ہے۔ لیکن انکا حالیہ بیان اس وقت انکے ڈراموں سے زیادہ سوشل میڈیا پر زیر بحث ہے۔سارہ کے مداح جہاں انکی سادگی، گھریلو مزاج اور فلک شبیر کے ساتھ محبت بھری کیمسٹری کو پسند کرتے ہیں، وہیں اب ان کے خیالات پر بھی دو ٹوک رائے دینے لگے ہیں۔
سارہ خان کے ”اینٹی فیمینزم“ خیالات نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی



















