جیت امن کی فتح،کیا فوج مخالف باتیں کرنےوالوں کا احتساب نہیں ہونا چاہئے؟ ،ڈی جی آئی ایس پی آر
راولپنڈی :(بیورو رپورٹ) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان کی جیت امن کی فتح، نوجوان دشمن کے ناپاک عزائم سے آگاہ اور متحد رہیں،کیا فوج مخالف باتیں کرنےوالوں کا احتساب نہیں ہونا چاہئے؟ فوج عوام اور عوام پاک فوج سے ہے، عوام ،مسلح افواج متحد ہوئے تو کوئی دہشت گرد نہیں بچے گا، آہنی دیوار ملک کے عوام، بچے اور بچیاں ہیںاب متحد ہوکر آہنی دیوار (بنیان مرصوص) کو دہشت گردی کی طرف موڑنا ہے۔
اسلام آباد کے طلبا، اساتذہ کےساتھ خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے نوجوانوں کی ملک کےلئے کاوشوں کو نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن کا گہوارہ ہے، دشمن کے ناپاک عزائم سے آگاہ کرتے ہوئے متحد رہیں، پاکستان کی کامیابی دراصل امن کی فتح اوروطن عزیز پرامن ،مستحکم ریاست کے طور پر دنیا کے سامنے موجود ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے پورے ملک کے اساتذہ کو پاک فوج کی جانب سے سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ جس طریقے سے طلبا نے پاکستان ، فوج کیلئے والہانہ محبت کا اظہار کیا اسے دیکھ کر کہہ سکتا ہوں پاکستان کا مستقبل نہ صرف روشن ہے بلکہ تابناک ہے، آپ کو لوگ کہتے تھے یہ اپنا کام نہیں کرتے، آپ ان سے سوال کریں فوج نے اپنا کام کیا یا نہیں کیا؟ کیا ایسے لوگوں کا احتساب نہیں ہونا چاہیے جو اپنی فوج، افسروں، جوانوں کےخلاف باتیں کرتے تھے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا یقین رکھیں یہ نسل اور آپ کے بعد کی نسلیں کبھی بھی ملکی حفاظت سے پیچھے نہیں ہٹیں گی، پاکستان میں نظر آنے والی دہشت گردی کے پیچھے بھارت ہے، آہنی دیوار (بنیان مرصوص)کو اب متحد ہوکر دہشتگردی کی طرف موڑنا ہے، عوام، فوج اکٹھے ہوں گے تو ملک میں کوئی دہشت گرد نہیں بچے گا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہاتمام بچے اپنے اساتذہ کا احترام کریں، اپنے اساتذہ کو سیلوٹ کرنا چاہیے، تعلیمی ادارے قومی تعمیر میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں،طلبا سچائی، جذبے اور ذمہ داری کےساتھ ملک کی خدمت میں اپنا کردار ادا کریں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے پاکستان زندہ باد،بچوں کےساتھ ملکر کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ بھی لگوایا، نشست کے اختتام پر اساتذہ، طلبا نے خواہش کا اظہار کیا مستقبل میں بھی ایسے سیشنز کا انعقاد ہونا چاہئے تاکہ غلط معلومات اور غلط فہمیوں کا موثر تدارک کیا جا سکے۔

















