بلوچستان: تربت میں فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ (مشرق نیوز) بلوچستان کے شہر تربت میں کالعدم تنظیم کے مسلح کارندوں اور سکیورٹی اداروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں کالعدم تنظیم کے 2 مسلح دہشت گرد مارے گئے میڈیا رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ تربت میں کالعدم تنظیم کے مسلح کارندوں نے رات گئے ایف سی کی چیک پوسٹ پر راکٹ داغے تھے، جس کے بعد سیکیورٹی اداروں نے ملزمان کی تلاش شروع کی، آمنا سامنا ہونے پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ ایک اہلکار بھی زخمی ہوا ہے جسے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

تربت میں فائرنگ کے بعد جائے وقوعہ پر پولیس، لیویز، محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کے حکام پہنچ گئے۔ مرنے والے ایک شخص کی شناخت سنگانی سر کے رہائشی صبراللہ کے نام سے ہوگئی، رات کو ان افراد نے ایف سی کیمپ پر 4 راکٹ بھی فائر کیے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف سی کی چیک پوسٹ پر حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے کارروائی کی، ملزمان کا پیچھا کرکے سنگانی سر میں ایک گلی میں دہشت گردوں کو گھیرے میں لیکر ہلاک کردیا گیا۔ ہلاک دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی ملا ہے جسے سرکاری تحویل میں لے لیا گیا ہے۔