ایران کےساتھ ڈیل قریب،پاک بھارت ایٹمی ٹکراو میں لاکھوں لوگ مارے جاتے: ٹرمپ

واشنگٹن ،دوحہ:(بیورورپورٹ،مشرق نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے ایران کےساتھ ڈیل کرنے کے بہت قریب آگئے،پاکستان ،بھارت دونوں زبردست ایٹمی طاقتیں ، دونوں کے درمیان معمولی نوعیت کا ایٹمی ٹکراو بھی ہوتا تو لاکھوں لوگ مارے جاتے، جنگ بندی کےلئے کودنا پڑا۔

امریکی ٹی وی چینل فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہادونوں روایتی حریف ملکوں کو قائل کیا آئیں امن قائم اور آپس میں معاہدہ کریں،کشیدگی بہت اہم معاملہ تھا، بھارت ،پاکستان کے درمیان ماحول کو ٹھنڈا کرنے کےلئے شامل ہوئے، مارکو روبیو، جے ڈی وینس نے اہم کردار ادا کیا،چاہے معمولی حد تک ہی کیوں نہ ہو، جوہری جنگ شروع ہو جاتی تو واقعی کسی بہت بڑی تباہی کی شروعات ہو سکتی تھی۔

امریکی صدر نے کہا صرف ایک یا 2 حملوں میں بھی لاکھوں لوگ مارے جاتے،سمجھتا ہوں ایران کےساتھ ڈیل کرنے کے بہت قریب آگئے ،روس ،یوکرین کےساتھ اچھا کام کرنے جا رہے ہیں، امید ہے روس، یوکرین کچھ کریں، دونوں کورکنا ہی ہوگا، مناسب ہوا تو جمعہ کو ترکیے میں روس یوکرین مذاکرات کےلئے جاو¿ں گا۔

ٹرمپ نے کہابھارت نے امریکہ کو زیرو ٹیرف ڈیل کی پیشکش کردی ،خلیجی ممالک کے دورے کے دوران 4کھرب ڈالر تک ڈیل ہوسکتی ہے، خلیجی ممالک کادورہ ریکارڈ دورہ ہے، 4 سے 5 روزمیں ساڑھے3 سے 4 کھرب ڈالر تک ڈیل ہوسکتی ہے۔

دریں اثنا قطرکے العدید ائیربیس پر امریکی فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا افغانستان کی بگرام ائیربیس اپنے پاس رکھیں گے ، کسی کو نہیں دیں گے، تنازعات کا خاتمہ ترجیحات میں شامل ہے، امریکہ اپنے شراکت داروں کے دفاع کےلئے طاقت کے استعمال میں نہیں ہچکچائے گا،قطر نے امریکہ کےساتھ42 ارب ڈالر مالیت کے دفاعی معاہدوں پردستخط کیے، قطرآئندہ برسوں میں العدید ائیربیس پر 10 ارب ڈالر سرمایہ کاری کرےگا۔

امریکی صدر نے کہاامریکی فضائیہ کے پاس جلد ایف 47 طیارہ ہوگا، ایف35کے جدید ورژن ایف 55 کے بھی منتظر ہیں،2026کے بجٹ میں امریکی سروس ممبران کی تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافہ شامل ہے،میرے خیال میں بھارت پاکستان تنازع حل ہوگیا ،دونوں ممالک کو کہا جنگ کی بجائے تجارت کریں وہ خوش ہیں۔