پاکستان دہشت گردی سے لڑتا رہا کبھی بھارت پر الزام نہیں لگایا: سلمان خان

ممبئی (مشرق نیوز) بھارتی فلم انڈسٹری کے سپر سٹار سلمان خان کے پاکستان کے حق میں بولنے کی پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔سلمان خان کی یہ پرانی ویڈیو ایسے وقت میں سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جب بھارت پاکستان پر پہل گام واقعہ کا الزام عائد کرتے ہوئے پاکستان پر بزدلانہ حملے کر رہا ہے، بھارت کے پاک سرزمین کیخلاف آپریشن سندور کا پاک آرمی نے آپریشن بنیان المرصوص سے منہ توڑ جواب دیا ہے جس کے بعد دونوں ممالک میں سیز فائر معاہدہ ہوگیا ہے۔

اس ویڈیو میں سلمان خان دہشت گردی کے الزامات پر پاکستان کے حق میں بات کرتے نظر آ رہے ہیں۔ ویڈیو میں سلمان خان کہتے ہیں کہ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ہے اور وہاں کی صورتحال انکے کنٹرول میں نہیں لہٰذا کسی واقعہ کے فوراً بعد ایک دوسرے پر الزام لگانا مناسب نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو بھی دہشت گردی جیسے مسائل کا سامنا ہے، اسلئے دونوں ممالک کو چاہئے کہ ملکر اس خطرے کا خاتمہ کریں۔ سلمان خان نے مزید کہا کہ اسلام کسی صورت دہشت گردی کی تعلیم نہیں دیتا، نہ قرآن اور نہ ہی احادیث میں کسی بے گناہ کو قتل کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی اور جنگ کے بعد دونوں ممالک سیز فائر پر رضامند ہوگئے ہیں۔ سلمان خان نے سیز فائر پر ایک شکرگزاری کا پیغام بھی شیئر کیا تھا، جسے بعد میں ڈیلیٹ کر دیا گیا۔ البتہ حالیہ جنگ کے دوران سلمان خان نے پاکستان مخالف کوئی ردعمل نہیں دیا اور خاموشی اختیار کی جس پر بھارت میں انہیں تنقید کا سامنا ہے۔