جنگ بندی کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا امکان روشن
ڈھاکہ (مشرق نیوز) جنگ بندی کے اعلان کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا امکان روشن ہوگیا۔ بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے دورہ کیلئے گرین سگنل دےدیا۔پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے5 میچز 25 مئی سے 3 جون تک فیصل آباد میں کھیلے جانے ہیں۔ اس سے قبل بنگلہ دیشی ٹیم شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں متحدہ عرب امارات کے خلاف دو ٹی ٹوئنٹی میچز 17 اور 19 مئی کو کھیلے گی۔قبل ازیں بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے اپنے اعلامیہ میں کہا تھا کہ آئندہ دورہ پاکستان کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔ کھلاڑیوں اور معاون عملے کی حفاظت اور تحفظ بورڈ کی اولین ترجیح ہے اوردورے سے متعلق تمام فیصلے پاکستان کی موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے نے پاکستان اور بھارت کے درمیان سرحدی کشیدگی کے بعد آئی پی ایل اور پی ایس ایل کے التوا کو دیکھتے ہوئے دورہ کا فیصلہ موخر کردیا تھا۔ بنگلہ دیشی بورڈ کے ڈائریکٹرز نے ہفتہ کو شیر بنگلہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں صورتحال پر غور کے بعد میزبان کرکٹ بورڈ سے تبادلہ خیال کیا۔دریں اثنا پی سی بی کے ترجمان نے دورہ کے حوالے سے دونوں ممالک کے بورڈز کے درمیان رابطہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی کے اعلان کے بعد سامنے آنے والی صورتحال کے مطابق فیصلہ سامنے آئے گا۔ابتدائی شیڈول کے مطابق بنگلادیشی کرکٹ ٹیم کی 21 مئی کو پاکستان آمد طے ہے۔

















