لاہور (سروے:نوید چودھری) بھارت کے جنگی جنون نے خطے میں آگ لگا رکھی ہے، سرحد پار سے اشتعال انگیز بیانات اور پاکستان کے اندر دہشت گرد حملوں نے صورتحال کو سنگین کردیا ہے تاہم پاکستان کی مسلح افواج نے نہ صرف بروقت کارروائیاں کیں بلکہ دشمن کو موثر اور کرارا جواب بھی دیا جس سے بھارت کو بدترین پسپائی کا سامنا کرنا پڑا لیکن دوسری طرف سیاسی محاذ پر حالات اتنے واضح نہیں، خاص طور پر حکومت عہدیداروں کے بیانات اور وزیر دفاع کی کارکردگی، جس کو ہدف تنقید بناتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنماایک مرتبہ پھر بیان بازی کی پہلی صف میں دکھائی دے رہے ہیں۔ پی ٹی رہنماﺅں کی جانب سے حکومت کو پیغام دیا گیا ہے کہ ایسے نازک موڑ پر جب قوم دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال رہی ہے، وہیں وزیر دفاع کا بھارت کے خلاف نرم لہجہ پاکستان کو کمزور بنیادوں پر کھڑا کرنے کے مترادف ہے، جنگ کے دنوں میںخاموشی کمزوری کہلاتی ہے دانائی نہیں۔ تحریک انصاف کے سابق امیدوار قومی اسمبلی افضال عظیم پاہٹ نے کہا کہ ہم اس صورتحال کو محض کشیدگی یا محاذ آرائی نہیں سمجھتے۔ یہ درحقیقت ایک کھلی جنگ ہے جو صرف سرحدوں پر نہیں بلکہ ہمارے قومی نظرئیے، خودمختاری اور امت مسلمہ کے وقار پر مسلط کی گئی ہے۔ افسوس کا مقام ہے کہ وزیر دفاع آج بھی غیر یقینی کیفیت کا شکار ہیں، دشمن کی گولیاں برس رہی ہیں، دہشت گردی کی لہر سے معصوم جانیں چھن رہی ہیں، اور وزیر دفاع کی زبان پر خاموشی کا پہرہ ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم مسلمان ہیں اور جب دشمن حملہ آور ہو، جب خون بہے، جب قومی سلامتی داو¿ پر ہوتو جہاد محض انتخاب نہیں، ایک فرض بن جاتا ہے، یہ وقت باتوں سے نہیں عمل سے جواب دینے کا ہے۔ اگر واقعی جنگ ہے تو پھر اسے جنگ کی طرح لڑا جائے۔ یہ اربوں روپے کا اسلحہ، یہ ٹینک، یہ طیارے، یہ میزائل آخر کب کام آئیں گے، کہاں ہے وہ قیادت جو دشمن کی آنکھوں میں آنکھ ڈال کر بات کرے۔ قومی اسمبلی کے امیدوار ملک عثمان حمزہ اعوان کا کہنا تھا کہ ہماری سرحدوں پر تعینات جوانوں نے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دئیے، ہم اپنے ہر فوجی کو دل سے سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے خون سے امن کی لکیر کھینچی لیکن افسوس کہ جب فوج میدان میں موجود ہے، تب حکومت صرف بیانات کے پردے میں چھپی ہوئی ہے۔ خاص طور پر وزیر دفاع کی مجرمانہ خاموشی نے قوم کو مایوس کیا ہے۔ رکن پنجاب اسمبلی فرخ جاوید اعوان نے کہا کہ جب دشمن جارح ہے تو قومی بیانیہ بھی جاندار اور جارحانہ ہونا چاہیے۔ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت اور کارکنان اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑے لیکن یہ سوال ضرور اٹھاتے ہیں کہ سول قیادت کہاں ہے؟ کیوں یہ خاموشی آج قوم کے حوصلے کو چبھ رہی ہے؟ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت فوری طور پر عوام کو اعتماد میں لے، واضح اور بھرپور حکمت عملی کا اعلان کرے اور وزیر دفاع کو خواب غفلت سے جگایا جائے۔ قوم اور فوج تیار ہے، اب قیادت بھی تیار ہو۔ تحریک انصاف سینٹرل پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات حافظ ذیشان رشید نے کہا کہ موجودہ حالات ملی یکجہتی کا تقاضا کرتے ہیں، اس موقع پر سب سے مقبول لیڈر عمران خان اور تحریک انصاف کے مرکزی لیڈر شاہ محمود قریشی ،میاں محمود الرشید، ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری اور اور عمر سرفراز چیمہ کو جیل سے نکالا جائے اور باہمی مشاورت کے بعد قومی لائحہ عمل تشکیل دیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے وطیرہ بنا لیا ہے کہ ہر دو تین سال میں جنگی حالات بنا دیتی ہے، دوسرا پاکستان میں ہونے والے دہشت گرد حملوں میں بھارتی شواہد ملتے ہیں ، اب وقت آگیا ہے کہ بھارت کو منہ توڑ جواب دیا جائے ، محض طیار گرانا کافی نہیں۔ تحریک انصاف کی رہنما تنزیلہ عمران نے کہا کہ بھارت کا جنگی جنون اس خطے کے امن کو مسلسل داو¿ پر لگا رہا ہے۔ حالیہ دنوں میں دہشت گرد حملے، سرحدی جارحیت اور دھمکی آمیز بیانات اس بات کی گواہی ہیں کہ دشمن کسی بھول میں نہیں، بلکہ باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت پاکستان کے استحکام کو چیلنج کر رہا ہے۔ایسے میں افواجِ پاکستان کی بروقت موثر اور بہادرانہ جوابی حکمت عملی قابل تحسین ہے۔
بھارتی جنگی جنون سے صورتحال سنگین، وزیر دفاع کا نرم لہجہ ملکی بنیادوں کو کمزور کرنے کے مترادف ہے :پی ٹی آئی رہنما
















