لاہور( اپنے رپورٹر سے )سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے پنجاب اسمبلی میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کی جانب سے دی جانے والی جنگی دھمکیوں، سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی، اور خطے میں امن و استحکام کو لاحق خطرات پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سپیکر ملک احمد خان نے کہا کہ بھارت کی حکومت اس وقت جنگی جنون میں مبتلا ہے اور خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کی نیت رکھتی ہے۔ پہل گام واقعہ بھارت کی سکیورٹی کی بڑی ناکامی ہے، اور اس پر پاکستان کو الزام دینا انتہائی غیر ذمہ دارانہ اقدام ہے۔ نہ تو بھارت کے پاس پہل گام واقعہ کا کوئی ثبوت ہے، نہ ہی دنیا نے اس الزام کو تسلیم کیا۔ پاکستان نے آزادانہ تحقیقات کی پیشکش بھی کی ہے۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے یاددہانی کرائی کہ دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک پاکستان ہے، جس نے 80 ہزار سے زائد جانوں کی قربانی دی ہے، اور دو دہائیوں سے اس جنگ میں کامیابیاں حاصل کیں۔ پاکستانی فوج دنیا کی ماہر ترین افواج میں سے ہے، جو ہر طرح کی جنگ کیلئے تیار ہے۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے واضح کیا کہ سندھ طاس معاہدہ کوئی یکطرفہ معاہدہ نہیں ہے اور بھارت کا اس کو ختم کرنے کا کوئی اختیار نہیں۔ یہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہوگی، اور اس کے سنگین نتائج ہوں گے۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ اگر خدانخواستہ کوئی ایٹمی مہم جوئی کی گئی تو یہ دنیا کے اربوں افراد کو متاثر کرے گی اور نسلوں کو تباہی کے دہانے پر لے جائے گی۔ ہم ایٹمی طاقت ہیں، اور اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے وزیر اعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، اور پاکستانی میڈیا کو خراج تحسین پیش کر تے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس نازک موقع پر بالغ نظری اور قومی موقف کی بہترین نمائندگی کی۔ بھارتی میڈیا جان بوجھ کر جنگی جنون اور نفرت کو ہوا دے رہا ہے تاکہ اپنی سیاسی ناکامیوں پر پردہ ڈال سکے۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے زور دیا کہ وہ ہمیشہ ڈائیلاگ کے حامی رہے ہیں، مگر جب کوئی آپ کے وجود کو تسلیم نہ کرے، تو ملک کا دفاع پہلی ترجیح بن جاتا ہے۔ پاکستان کی عوام اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے، اور سرحدوں پر موجود ہر سپاہی کو سلام پیش کرتی ہے۔ اپوزیشن جماعت پی ٹی آئی پر بھی تنقید کرتے ہوئے سپیکر ملک محمد احمد خان نے مزید کہا کہ انہوں نے قومی سلامتی سے متعلق اہم بریفنگ میں شرکت سے انکار کیا، جو ایک ناعاقبت اندیشانہ فیصلہ ہے۔ پریس کانفرنس کا اختتام کرتے ہوئے سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ بھارت یہ بھول میں نہ رہے کہ وہ خطے میں اپنی برتری قائم کرلے گا، پاکستانی قوم اور ریاست ایسی کسی بھی جارحیت کو برداشت نہیں کرے گی۔ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے، اور عالمی قوانین کے تحت اپنے حقوق کا دفاع کرنا جانتی ہے۔
بھارتی حکومت جنگی جنون میں مبتلا، پہل گام واقعہ اسکی سکیورٹی ناکامی ہے :سپیکر پنجاب اسمبلی

















