پہل گام واقعہ پر شاہد آفریدی کا ایک بیان بھارتیوں کی نیندیں حرام کرگیا

لاہور (مشرق نیوز) پہل گام واقعہ پر قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کے بیان پر سابق کرکٹر شیکھر دھون اور ملک مخالف بیانات کیلئے مشہور دانش کنیریا کے بعد انڈین باکسر بھی میدان میں آگئے۔ گزشتہ دنوں سابق کپتان شاہد آفریدی نے پہل گام واقعہ پر بھارتی فوج کی ناکامی کا ذکر کیا تو بھارتی میڈیا اور کرکٹرز کو آگ لگ گئی، جس کے بعد انتہاپسند نریندر مودی کی حکومت نے انکا یوٹیوب چینل بھی بند کردیا، اب ہزیمت کے شکار بھارت نے اپنے باکسر کو بھی پاکستان مخالف بیان دینے پر مجبور کردیا۔

قبل ازیں پہل گام واقعہ پر بھارتی فوج کی ناکامی پر سوال اٹھاتے ہوئے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا تھا کہ ”وہاں پر پٹاخہ بھی پھٹ جائے تو پاکستان پر نام لگادیا جاتا ہے، مقبوضہ کشمیر میں 8 لاکھ بھارتی فوج ہونے کے باوجود یہ واقعہ ہوگیا اس کا مطلب تم نالائق اور نکمے ہو جو لوگوں کو سکیورٹی نہیں دے سکے“۔

تاہم اس بیان پر اب باکسر گورو بیدھری نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ 1971 میں 93 ہزار پاکستانی فوجیوں نے ہمارے سامنے ہتھیار ڈال دیے تھے، ہمیں طاقت کا سبق نہ سکھائیں تاہم وہ یہ بتانا بھول گئے کہ کئی گنا بڑی فوج ہونے کے باوجود پائلٹ ابھے نندن کی گرفتاری اور 1965 میں انہیں پاکستان کے ہاتھوں شکستوں کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔

بھارتی باکسر کی جانب سے ردعمل پر انہیں سوشل میڈیا پر کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، صارفین کا کہنا تھا کہ ایک بیان پر میڈیا، سابق کرکٹرز اور اب باکسر تک کو وضاحتیں دینا پڑ رہی ہیں۔