لاہور (مشرق نیوز) سینئر اداکارہ صبا فیصل نے انکشاف کیا ہے کہ چند ہفتے قبل انہیں ایک معروف بھارتی برانڈ کے اشتہار میں کام کی پیشکش ہوئی تھی لیکن خوش قسمتی سے انہوں نے آفر مسترد کردی۔ صبا فیصل نے حال ہی میں ندا یاسر کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی بڑھی ہے اور بھارت بے بنیاد الزامات پر اتر آیا ہے۔
انکے مطابق مقبوضہ کشمیر میں پہل گام میں ہونے والے واقعہ کے بعد جس طرح بھارتی حکومت ہم پر الزام لگا رہی ہے اور وہاں کے فنکار اپنی حکومت کا ساتھ دے رہے ہیں، اسی طرح ہمیں بھی کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستانی فنکاروں کو بھی اپنی حکومت اور وطن کا ساتھ دینا چاہیے، الزامات پر واضح پیغام اور جوابات دینے چاہیے۔
انہوں نے حالیہ پاکستان، بھارت کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے اس بات پر شکرانے ادا کیے کہ انہوں نے چند ہفتے قبل ہی خوش قسمتی سے بھارتی اشتہار میں کام کرنے سے انکار کیا۔ صبا فیصل کے مطابق وہ نہیں جانتیں کہ انہوں نے اشتہار میں کام کرنے سے انکار کیوں کیا لیکن اب وہ سوچتی ہیں کہ اچھا ہوا کہ انہوں نے کام سے انکار کیا۔
شکر ہے چند ہفتے قبل بھارتی اشتہار میں کام کرنے سے انکار کیا: اداکارہ صبا فیصل



















