سرکاری ہسپتالوں کو پرائیوٹائز نہیں کررہے، گرینڈ ہیلتھ الائنس کا دھرنا بلاجواز ہے :خواجہ سلمان رفیق

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اہم اجلاس منعقدہوا۔اجلاس کے دوران ہسپتالوں کے حالات کا جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ گرینڈ ہیلتھ الائنس کا دھرنا بلا جواز ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق 2500 بنیادی مراکز صحت اور 300 دیہی مراکز صحت کے حالات بہتر کر رہے ہیں۔ریفارمز کے بعد بڑے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کا دباو کم ہوگا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ کسی سرکاری ہسپتال کو پرائیوٹائز نہیں کرنے جا رہے۔ ٹیچنگ ہسپتالوں کے او پی ڈی کی بندش کسی صورت قبول نہیں ہے۔مریضوں کے علاج و معالجہ میں کسی کو حائل نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ تمام وائس چانسلر، پرنسپلز اور ایم ایس حضرات سے مل کر جامع لائحہ عمل تیار کر لیا گیا ہے۔ دریں اثناءصوبائی وزیر محکمہ صحت و ایمرجنسی سروسز پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے ورلڈ ڈے فار سیفٹی اینڈ ہیلتھ ایٹ ورک پلیس کے موقع پر ریسکیو ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے بریفنگ دی۔اس موقع پر دیگر افسران بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق محکمہ ایمرجنسی سروسز پنجاب دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل ہے۔ سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نے صوبائی وزیرصحت کوبریفنگ میں بتایاکہ ائر ایمبولینس سروس الحمدللہ کامیابی سے جاری ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر صوبہ بھر میں 6 ہزار سے زائد ایمرجنسی ریسکیو سروسز فراہم کی جا رہی ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ عوام الناس کو بروقت ریسکیو سروسز کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ بروقت ریسکیو سروسز کی فراہمی اور ورکرز کی سیفٹی پنجاب حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔آج کا دن سیفٹی اور کام کرنے کی جگہ پر حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کے عہد کا دن ہے۔ فیکٹریز و دیگر تمام ورکرز سے کام کرنے کی جگہ پر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہیں۔