کابینہ کے آئندہ اجلاس میں جرنلسٹ ہاوسنگ سوسائٹی فیز ٹو ایجنڈے کا حصہ ہوگا،عظمیٰ بخاری


لاہور:(اپنے رپورٹر سے )وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے سیاسی طعنہ بازیوں ، شعبدہ بازیوں کا وقت نہیں ، پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ،جھوٹی باتوں پر دھیان دینے کی ضرورت نہیں ۔

لاہور پریس کلب میں فوٹو جرنلسٹس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کابینہ کے آئندہ اجلاس میں جرنلسٹ ہاوسنگ سوسائٹی فیز ٹو ایجنڈے کا حصہ ہوگا،بہت سے دوست نما لوگوں کو اپنی سیاست بچانے کیلئے مسائل پیدا کرنے کی عادت ہوتی ہے،سوشل میڈیا کا درست استعمال کرنا چاہئے اور سوشل میڈیا پرپروپیگنڈے سے گریز کرنا چاہئے۔

وزیر اطلاعات نے کہاگندم پالیسی پر کہا جا رہا ہے کسان مر گئے، کیا باقی صوبوں نے کسان سے گندم خریدنے یا امدادی قیمت کا اعلان کیا ؟،پنجاب حکومت عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف مہیا کررہی ہے، سروے میں بھی مریم نواز پر عوام کا اعتماد بڑھ رہا ہے جو جلسہ جلوس سے نہیں آتا،عظمیٰ بخاری نے فوٹو جرنلسٹس میں ایوارڈ بھی تقسیم کیے ۔