پاکستان میں ایمان، اتحاد ، نظم و ضبط کا عملی مظاہرہ دیکھا،امریکی اراکین کانگریس

اسلام آباد،نارووال،لاہور:(بیورورپورٹ،اپنے رپورٹر سے)امریکی اراکین کانگریس نے دورہ پاکستان کو کامیاب، مثبت اور مستقبل کےلئے نہایت اہم قرار دیتے ہوئے دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کردیا ۔

جیک وارن برگ مین نے کہا پاکستان ،امریکہ کے تعلقات کی اہمیت مسلمہ ہے، مستقبل میں کسی صورت کم نہیں سمجھا جا سکتا،دونوں ممالک کے درمیان جاری شراکت داری نہ صرف امریکہ بلکہ دنیا کے دیگر ترقی پذیر خطوں کےلئے بھی سودمند ثابت ہو گی،ٹیم پاکستان میں مخصوص شعبہ جات میں کام کر رہی ہے، خصوصاً معدنیات کے شعبے میں شراکت داری کو فروغ دیا جا رہا ہے،اقدامات ایسی مضبوط صنعتوں کی بنیاد رکھیں گے جو پاکستان سمیت پوری دنیا کےلئے فائدہ مند ہوں گے،کان کنی کے جدید طریقے و نئی مصنوعات پیداوار کے مستقبل کےلئے نہایت اہم ہیں۔

برگ مین نے کہا پاکستان ،امریکہ آزادی و خودمختاری پر یقین رکھتے ہیں اور یہی اشتراک دونوں کو قریب لاتا ہے،کانگریس مین تھامس رچرڈ سوازی نے اپنی گفتگو کا آغاز ”السلام علیکم“ اور ”شکریہ“ کے الفاظ سے کرتے ہوئے کہادورہ شاندار رہا، پاکستانیوں کی گرمجوش میزبانی کے شکر گزار ہیں،تعلقات کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنا ہوگا،پاکستانیوں میں بے شمار خوبیاں ہیں،محنتی، تعلیم یافتہ اور خاندانی اقدار کے حامل ہیں،دونوں ممالک معاشی سلامتی کےلئے ملکر کام کریں گے۔

کانگریس مین جوناتھن لوتھر جیکسن نے کہا میں نے پاکستان میں ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کا عملی مظاہرہ دیکھا،پاکستان کےساتھ مشترکہ تاریخ و باہمی اعتماد کی بنیاد پر تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا سنہری موقع ہے،مذہبی مقامات کا دورہ کرنے اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں یادگارر ہیں،تعلقات کو وسعت دینے ،پاکستان کی کامیابیوں کےلئے پرعزم ہیں،امریکہ پاکستان کےساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دےگا۔

دریں اثنا وزیر داخلہ محسن نقوی کی امریکی کانگریس مینز کے ہمراہ کرتار پور آمد ہوئی،محسن نقوی، امریکی کانگریس مینز تھامس رچرڈ سوازی،جوناتھن جیکسن نے بیساکھی میلے پر سکھ برادری کو مبارکباد دی،لنگر ہال میں لنگر بھی کھایا ،امریکی کانگریس مینز ، وزیر داخلہ کو یادگاری شیلڈز ، سروپا پہنایا گیا۔

امریکی کانگریس مینز کے وفد نے کرتار پور راہداری اور گوردوارہ صاحب میں سہولتوں کو سراہتے ہوئے کہاسکھ برادری کے تہوارمیں شرکت سے دلی خوشی ہوئی، پاکستان نے بہترین انتظامات کررکھے ہیں،مزید برآںامریکی کانگریس کے وفد نے جاتی امرا رائے ونڈ میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ملاقات کی ،باہمی دلچسپی کے دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ،ملاقات ایک گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہی۔