فورس اور شہداء کے اہل خانہ کی بہترین فلاح و بہبود کا دائرہ کار بڑھایا جائے :آئی جی پنجاب

لاہور ( اپنے کرائم رپورٹر سے) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیرصدارت اہم ویڈیو لنک اجلاس سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پولیس خدمت مراکز، ٹریفک لائسنسنگ اینڈ ڈرائیونگ ٹریننگ سنٹرز کی کارکردگی اور سپیشل انیشئیٹو پولیس سٹیشنز پروٹوکولز پر عملدرآمد کاجائزہ لیا گیا۔ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس عمران ارشاد، ایڈیشنل آئی جی ٹریفک پنجاب مرزا فاران بیگ، ایس ایس پی ٹریفک ہیڈ کواٹرز، اے آئی جی فنانس، اے آئی جی ایڈمن اور ڈائریکٹر آڈٹ سمیت سینئر افسران نے شرکت کی جبکہ آر پی او شیخوپورہ اطہر اسماعیل امجد، آرپی او سرگودھا ڈاکٹر شہزاد آصف خان اور متعلقہ ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔آئی جی پنجاب نے پولیس سروسز فراہم کرنے والے تمام مراکز پر سہولیات بہتر بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو پولیس سروسز سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کیلئے سنٹرز پر خدمات کا معیار مزید بہتر بنائیں۔ڈرائیونگ لائسنسنگ سنٹرز اور ڈرائیونگ ٹریننگ سکولز کی اپ گریڈیشن کے اقدامات کیے جائیں۔ پولیس ڈرائیونگ ٹریننگ سکولز میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شہریوں کو تربیت فراہم کرنے کیلئے اقدامات عمل میں لائیں۔سپیشل انشیٹو پولیس سٹیشنز کے بنیادی پروٹوکولز پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ شہداءپولیس کے بچوں، تعلیمی اداروں کے طلباو طالبات اورمختلف شعبہ ہائے زندگی سے افراد کو خدمت مراکز کے وزٹ کروائے جائیں۔سمارٹ پولیس سٹیشنز اور سیف سٹیز پراجیکٹس مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کئے جائیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ فورس اور شہداءپولیس کے اہل خانہ کی بہترین فلاح و بہبود کیلئے ویلفیئر پراجیکٹس کا دائرہ کار بڑھایا جائے۔آر پی اوز، ڈی پی اوز پولیس خدمت مراکز، ڈرائیونگ لائسنسنگ اینڈ ٹریننگ سینٹرز اور سپیشل انیشئیٹو پولیس سٹیشنز کی باقاعدگی سے انسپکشن کریں۔