امن و کھیل لازم وملزوم ،سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ ز مزید بڑھا ئیں گے‘مریم نواز

لاہور:(اپنے رپورٹر سے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازویژن کے تحت جنگلی حیات ،نایاب پرندوں کے تحفظ کےلئے جنوبی پنجاب کی تاریخ کے سب سے بڑے کومبنگ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ۔

مریم نوازنے صوبے بھر میں غیر قانونی وائلڈ لائف منڈیوں کے خاتمے کیلئے محکمہ وائلڈ لائف کو خصوصی ٹاسک دیا ،محکمہ جنگلی حیات نے ڈائریکٹر جنرل مدثر ریاض ملک کی قیادت میں غیر قانونی وائلڈ لائف گودڑی،برڈ مارکیٹ، کبوتر منڈی ملتان پر چھاپے مارے ،سینکڑوں نایاب جانور اور پرندے برآمد کئے گئے،برآمد پرندوں میں را طوطے، چکور، مور، فیزنٹ شامل ہیں،کبوتر منڈی میں پرندوں ، جنگلی جانوروں سے بھرے 8 ٹرک بھی تحویل میں لیے گئے۔

غیرقانونی کاروبار کرنے والے مافیا نے چھاپہ مارنے والی ٹیم پر تشدد ، فائرنگ کردی،پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے مسلح مزاحمت کرنےوالے 8 ملزموں کو گرفتار کر لیا اور 40 سے زائد دکانیں سیل کر دیں،غیر قانونی برڈ ڈیلرز کےخلاف انسداد دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا، مریم نواز نے مشترکہ آپریشن کرنےوالی محکمہ وائلڈ لائف، ضلعی انتظامیہ اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہاآپ نے بہادری سے فرض انجام دیا،خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔

دریں اثناکھیلوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاسپورٹس ایونٹس معاشرے میں امن و ترقی کی راہ ہموار کرتے ہیں،امن و کھیل لازم و ملزوم ہیں امن ہوگا تو کھیل ہوں گے،پنجاب میں 300 گراونڈ اور سپورٹس کمپلیکس بنانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ،سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ ز کو مزید بڑھا ئیں گے،صحت مندانہ سرگرمیوں کیلئے تمام ممکنہ وسائل مہیا کرینگے،مزید برآں مریم نوازکی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں پنجاب میں پہلی مرتبہ ٹیلنٹ ہنٹ ،پنجاب یوتھ انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نوازنے پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ ، یوتھ انٹرن شپ پروگرامز کےلئے جامع پلان طلب کرتے ہوئے حکم دیاسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کومالی خود مختاری کی راہ پر گامزن کرنے کےلئے ضروری اقدامات کیے جائیں،نوجوان کھلاڑیوں کو اپنے ٹیلنٹ کے اظہار کے بھرپور مواقع فراہم کریں گے۔