وزیراعظم کاعوام کو بڑا ریلیف،گھریلو وصنعتی صارفین کیلئے بجلی 7.69روپے یونٹ تک سستی

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہبازشریف کاعوام کو بڑا ریلیف،بجلی 7.69روپے تک سستی کردی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے گھریلو صارفین کےلئے 7.41اور صنعتی صارفین کےلئے بجلی کی قیمت میں7.69روپے یونٹ کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہامستقبل میں بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے گی، آئندہ 5 سالوں میں گردشی قرضوں کا مسئلہ ہمیشہ کےلئے ختم ہو جائےگا، بجلی قیمتوں میں نمایاں کمی سے معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئےگی ، سالہا سال سے بند پڑے زنگ آلود ‘”جنکوز“کو بیچا جائےگا، ڈسکوز کوپرائیویٹائز یا پروفیشنلائز کیاجائےگا، سالانہ 600 ارب کی بجلی چوری کا مکمل خاتمہ کرنا ہوگا، نجکاری و رائٹ سائزنگ کے بغیر پاکستان ترقی نہیں سکتا۔

تقریب میںنائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزرا، اراکین پارلیمان، سرمایہ کار ، کاروباری شخصیات اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

شہبازشریف نے کہا معاشی میدان میں کامیابیوں کا سلسلہ آگے بڑھارہے ہیں اب منشور میں کیے گئے وعدے پورے کرنے کاوقت آگیا ،معاشی ترقی واستحکام کے نتیجے میں خوشخبری سنانے کا موقع ہے،حقیقت کا ادراک ہے مہنگی بجلی سے عوام متاثرہوئے،ملک کی خاطر عام آدمی کی قربانیوں کامکمل احساس رکھتے ہیں،مہنگی بجلی کی وجہ سے معاشی سرگرمیاں بھی متاثرہوئیں۔

وزیراعظم نے کہا تما م شعبوں کی ترقی میں مہنگی بجلی رکاوٹ ہے،ترقیاتی عمل آگے بڑھانے کیلئے بجلی قیمتوں میں کمی ناگزیرہے،قیمتوں میں کمی کےلئے ٹاسک فورس کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، عیدسے قبل پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھتے ہوئے بجلی شعبے میں فائدہ منتقل کرنے کا فیصلہ کیا،جون 2024 سے لےکر اب تک 3.5 روپے کی کمی ہوئی اب گھریلو صارفین کےلئے مزید 7.41 روپے یونٹ کمی کر رہے ہیں،جون 2024ءمیں صنعتوں کیلئے فی یونٹ بجلی کی قیمت 58.50 روپے تھی ،مشترکہ کاوشوں سے 10.30 روپے یونٹ کمی کی گئی اور48.19 روپے یونٹ تک پہنچی اب مزید 7 روپے 69 پیسے فی یونٹ کمی کا اعلان کیا جا رہا ہے۔

شہبازشریف نے کہابجلی شعبے کا گردشی قرضہ 2393 ارب (2کھرب 393ارب )ہے، مسئلے کا مستقل حل تلاش کرلیا ،5سالوں میں گردشی قرضہ بتدریج ختم ہو جائے گا لیکن شرط ہے خود کو تبدیل کریں، خود کو تبدیل کیے بغیر گردشی قرضے سے جان نہیں چھوٹے گی، سرکاری پاور پلانٹس (جنکوز ) سالہا سال سے بند پڑے ہیں اور ایک کلو واٹ بجلی تک پیدا نہیں ہو رہی لیکن سالانہ اربوں روپے کی تنخواہیں اور مراعات جاری ہیں جو بہت بڑا ظلم ، بوجھ عوام پر پڑتا ہے، یہ وہ کینسر ہے جسے جڑ سے کاٹنا ہوگا اب جنکوز کی پہلی لاٹ کو شفاف طریقے سے فروخت کرنے سے 9 ارب وصول ہوں گے جبکہ بند پڑے زنگ آلود جینکوز پرسالانہ7ارب کا خرچ ہو رہے تھے۔

وزیراعظم نے کہا یہ وہ مسائل ہیں جو کسی ایک حکومت کے پیدا کردہ نہیں، یہ 77 سال کا بوجھ ہے جس کے نیچے قوم دبی ہوئی تھی، بجلی کی قیمت میں کمی کے بعد اب اصلاحات اور سٹرکچرل تبدیلیاں کرنی ہیں، سالانہ 600 ارب کی بجلی چوری ہوتی ہے، اوپن مارکیٹ کے ذریعے بجلی کو مزید سستاکرناہے،حکومت ڈسکوزمیں بہت بہتری لےکر آئی لیکن وہاں سب ٹھیک نہیں ہے، عام صارفین کو ڈسکوز میں تنگ کیاجاتا ہے، ڈسکوز کو فوری طورپر پرائیویٹائزیا پروفیشنلائز کرنا ہوگا، گردشی قرضے کے مسئلے کا مستقل حل تلاش کر لیا،آئندہ5 سال میں گردشی قرضہ تبدریج ختم ہو جائے گا، سرکاری پیداواری پلانٹس کے نقصانات پر بھی توجہ دی گئی، زنگ آلود پلانٹس پر سالانہ خرچہ 7 ارب تھا، قیمتوں میں کمی کےلئے آئی پی پیز کے ساتھ بھی مذاکرات کئے، آئی پی پیز کے حوالے سے ماضی میں جو کچھ ہواس پر بات نہیں کریں گے، جب آئی پی پیز آئیں تھی تو مثبت قدم تھا، آئی پی پیزکےساتھ مذاکرات کیے، باور کرایا بہت پیسہ کمالیااب قوم کو فائدہ دیں،حکومتی ٹاسک فورس نے بہت محنت کی، آئی پی پیزکو قائل کرنا بہت بڑی کامیابی ہے، اس سے پہلے بھی ایک ایسی ہی کوشش ہوئی تھی جو دھری کی دھری رہ گئی تھی۔

شہباز شریف نے معیشت کی بہتری کےلئے آئی ایم ایف کےساتھ مذاکرات کا ذکرکرتے ہوئے کہا معاہدے کی تمام شقوں پر عملدرآمد کےلئے پر عزم ہیں،آئی ایم ایف کو قائل کرنا بہت مشکل امر تھا، عید سے پہلے تیل کی قیمتوں میں کمی کافائدہ عوام کو منتقل نہیں کیا بلکہ بجلی کی قیمت میں کمی کےلئے استعمال کیا، ماضی میں آئی ایم ایف کے اعتماد کو ٹھیس پہنچی،حکومت سنبھالی تو کمزورمعیشت اور دیوالیہ ہونے کاخطرہ منڈلارہاتھا،پاکستان کو ڈیفالٹ تک پہنچانے والے خوشی کے شادیانے بجارہے تھے،انتشاری ٹولے کاپختہ یقین تھاملک دیوالیہ ہوجائےگا، اللہ کے فضل سے ہماری محنت رنگ لائی اور ملک دیوالیہ ہونے سے بچ گیا، انتشاری ٹولے نے ملکی مفاد ات کونقصان پہنچانے کیلئے تمام حدیں پار کیں ،معیشت کے استحکام کیلئے کاوشوں کی راہ میں بھاری رکاوٹیں کھڑی کیں،ذاتی مفاد اور سیاست کیلئے انتشاری ٹولے نے ریاست کے ساتھ کھلواڑکیا، آئی ایم ایف پروگرام میں رکاوٹیں ڈالنے کی بھی کوششیں کی گئیں لیکن ہم نے پرخطرراستے پر چیلنجز کا محنت سے مقابلہ کیا، ایک وقت میں حالت اتنی خراب تھی ایندھن و بنیادی ضروریات کی درآمد کےلئے ایل سی کھولنے کےلئے بھی تگ ودو اور مجھے خود مداخلت کرنا پڑتی تھی تاکہ کہیں ملک میں تیل و بنیادی اشیا کی قلت پیدا نہ ہو جائے۔

وزیراعظم نے کہا معیشت میں بنیادی استحکام آچکا، مائیکرواکنامک اشارئیے بہترہیں،اقتصادی استحکام کیلئے آرمی چیف کابھرپورتعاون حاصل رہا، ملک کو پسماندگی کی طرف دھکیلنے والے مسائل کوحل کرناہے، مسائل کے حل کےلئے سرجری کرنی ہے،مشکل فیصلوں اورسخت محنت سے اپنی منزل حاصل کریں گے، اللہ کے فضل وکرم سے مہنگائی سنگل ڈیجٹ میں آچکی ہے، نئی صبح کا سورج طلوع ہواچاہتاہے،سارے عمل اور دورانیئے میں عام آدمی کی قربانی کا اعتراف نہ کرنا زیادتی ہو گی جس کے ایثار تحمل اور برداشت کی بدولت یہ ممکن ہوا،سابق وزیراعظم اورن لیگ کے قائد نوازشریف کی رہنمائی قدم قدم پر میسر رہی، ایک سال کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 38 روے فیلٹر کمی ہوئی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پورے خطے میں سب سے کم ہیں،شہباز شریف نے کہا پالیسی ریٹ 12 فیصد پر آ گیا ، نجکاری اور رائٹ سائزنگ معاشی اصلاحات کی کڑی ہیں، سرکاری اداروں کے نقصانات کی وجہ سے 800 ارب سالانہ خزانے پر بوجھ پڑتا ہے، معاشی اصلاحات اوراداروں کو منافع بخش بنانے کےلئے سب کو مل کر سوچنا ہے، پائیدار ترقی کےلئے محاصل میں اضافہ ضروری ہے، ٹیکس محاصل میں 35فیصد اضافے کاہدف ہے ،پائیدار ترقی کیلئے اپنے محاصل میں اضافہ ضروری ہے،، زرعی شعبے میں ترقی کی بہت استعداد موجودہے،غیرمتزلزل عزم کےساتھ ترقی کی منزل حاصل کریں ۔