سیف سٹی پراجیکٹ کے سول ورک اور تزئین و آرائش کا کام جلد مکمل کیا جائے:آئی جی

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے سیف سٹی راولپنڈی کا دورہ کیا۔آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا، سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی، ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایس پی آئی سی تھری اور دیگر افسران بھی ہمراہ تھے۔آئی جی پنجاب نے سیف سٹی کے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا جائزہ لیا۔ اس موقع آر پی او اور سی پی او راولپنڈی نے سیف سٹی کی ورکنگ کے حوالے سے بریفنگ دی۔آئی جی پنجاب نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سیف سٹی پراجیکٹ کے سول ورک اور تزئین و آرائش کا باقی کام جلد مکمل کیا جائے۔ کریمنلز تک رسائی اور موثر تفتیش کیلئے سیف سٹی کی آرٹیفیشل انٹیلی جنس بیسڈ سہولیات سے بھرپور استفادہ کریں۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ ٹریفک مینجمنٹ، انوائرمنٹل پروٹیکشن سرویلنس اور تجاوزات کے تدارک کے لئے بھی سیف سٹی کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔سیف سٹیز پراجیکٹس کمیونٹی پولیسنگ میں اپنی مثال آپ ہے اور شہریوں کی مدد کیلئے لا جواب خدمات ہیں۔جڑواں شہروں کے پیش نظر سیف سٹی اسلام آباد کے ساتھ موثر کوارڈینیشن سے کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے۔ لاءاینڈ آرڈر سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کوآرڈینیشن بہتر بنائیں۔سیف سٹی پراجیکٹس کا دائرہ پنجاب کے تمام اضلاع اور تحصیلوں تک بڑھایا رہا ہے۔ علاوہ ازیں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ملک کی اندرونی سرحدوں کو محفوظ بنانے والے نڈر اور جانباز افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی جاری رہے گی جس کے تسلسل میں خوارجی دہشت گردوں کا بہادری اور جوانمردی سے مقابلہ کرنے والے افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے 98 افسران و اہلکاروں کیلئے 19 لاکھ 60 ہزار روپے نقد انعامات ا ور تعریفی اسناد کی منظوری دیدی ہے۔افسران و اہلکاروں نے نہ صرف اپنی پوسٹوں کی حفاظت کی بلکہ عوام کے جان و مال کے ممکنہ نقصان کو بھی روکا۔پنجاب پولیس کا ہر سپاہی دہشت گردوں، شر پسندوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے۔ افسران و اہلکاروں نے جس بہادری سے دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملائے وہ قابل ستائش ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے بین الصوبائی سرحدی چوکیوں کو جدید ترین اسلحہ فراہم کیا گیا ہے۔ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس قبل ازیں بھی خوارجی دہشتگردوں کے کئی حملے ناکام بنا چکی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ افسران و اہلکاروں نے خوارجی دہشتگردوں کے لگاتار 03 حملے ناکام بنائے اور خوارجی دہشتگردوں نے لکھانی اور جھنگی چیک پوسٹوں پر 03، 07 اور 08 مارچ کو حملے کیے۔ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ڈی ایس پی تونسہ شہزاد فیض کیلئے تعریفی لیٹر کی منظوری دی گئی جبکہ افسران و اہلکاروں کو 20 ہزار روپے فی کس کیش انعام و تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔انعامات حاصل کرنے والوں میں 57 ڈی جی خان، 11 ملتان، 11 خانیوال اور 05 گجرات کے افسران و اہلکار شامل ہیں۔فیصل آباد 04، مظفر گڑھ اور ایلیٹ پولیس کے دو 02 جبکہ راولپنڈی، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، لودھراں، گوجرانوالہ اور وہاڑی کا ایک ایک اہلکار شامل ہے۔