وزیراعظم کی ولی عہد سے ملاقات،پاکستان سعودیہ اقتصادی شراکت داری مستحکم کرنے پر متفق

ریاض:(نمائندہ خصوصی)پاکستان ،سعودی عرب خطے میں امن کیلئے ملکر کام کرنے پر متفق،وزیراعظم کی ولی عہد سے ملاقات،شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے دورہ سعودی عرب کے دوران ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی ،دونوں رہنماوں نے خطے میں امن کیلئے ملکر کام کرنے پر اتفاق کیا،ملاقات میں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر ، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں، پاکستان ،سعودی عرب کے درمیان مضبوط و تاریخی تعلقات کی اہمیت پر زور ،اقتصادی، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی،دونوں رہنماوں نے بڑھتے اقتصادی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔

شہبازشریف نے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کےلئے سعودی عرب کے عزم کو سراہا جو پاکستان کی اقتصادی ترقی و استحکام میں معاون ثابت ہوں گے،دونوں اطراف نے علاقائی سلامتی کے مسائل سے نمٹنے کےلئے مشترکہ کوششوں کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے دفاعی و سکیورٹی تعاون کو مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا، ابھرتی علاقائی صورتحال کےساتھ خطے کے سیاسی منظر نامے پر بھی تبادلہ خیال ،امن، استحکام اور خوشحالی کےلئے مشترکہ ویژن کو فروغ دینے کےلئے ہر سطح پر مل کر کام کرنے پر اتفاق کیاگیا۔

ولی عہد نے سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں خدمات کا اعتراف کیا اور فلاح و بہبود کےلئے اقدامات بڑھانے پر اتفاق کیا،دونوں رہنماوں نے عوام کے درمیان روابط، ثقافتی تبادلے اور تعلیمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا، وزیراعظم ، سعودی ولی عہد نے باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور ترقی و خوشحالی کے مشترکہ ویژن کی رہنمائی میں پاک سعودیہ شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

بعدازاں وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام میں کہا سعودی عرب کے ولی عہد سے ملاقات میں باہمی تعاون کے فروغ کےلئے تعمیری گفتگو ہوئی،مشرق وسطیٰ، یوکرین میں امن کےلئے سعودی عرب کا کردار قابل تعریف ہے، دو طرفہ تعلقات باہمی اقتصادی شراکت داری میں تبدیل ہو رہے ہیں، سرمایہ کاری، توانائی، دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوئی، سعودی عرب کے مسلسل تعاون پرولی عہدکے مشکور ہیں۔

ادھر ذرائع کے مطابق سعودی عرب نے پاکستان کو رواں سال ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کا تیل دینے کا اعلان کردیا، فروری 2026 تک ہر ماہ 10 کروڑ ڈالر کا تیل دیا جائے گا۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح اور جوائنٹ ٹاسک فورس برائے اقتصادی مصروفیات کے سربراہ التویجری نے ملاقات کی،اقتصادی تعاون مضبوط بنانے، پاکستان میں مزید سعودی سرمایہ کاری لانے اور اہم شعبوں میں مشترکہ اقدامات کو تیز کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شہبازشریف نے سعودی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کےلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اورسٹریٹجک پوزیشن و سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کو اجاگر کیا،وزیراعظم نے خصوصی سرمایہ کاری کونسل کے تحت سعودی کاروباری اداروں کو زراعت، ٹیکنالوجی، انفراسٹرکچر سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی،سعودی وزیر خالد الفالح اور ٹاسک فورس کے سربراہ التویجری نے پاکستان کےساتھ اقتصادی تعلقات کو مزید گہرا کرنے میں سعودی عرب کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا،سرمایہ کاری منصوبوں کو تیز کرنے ،عملدرآمد یقینی بنانے ،ادارہ جاتی تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔


،دونوں فریقوں نے منظم مصروفیات و مشترکہ منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد کے ذریعے پاکستان سعودی اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا، ملاقات میں طویل مدتی ، باہمی طور پر مفید اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کےلئے دونوں ممالک کے عزم پر زور دیا گیا۔

مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کے تاریخ میں پہلی بار ایک لاکھ 19 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کرنے پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہاسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کی مثبت سمت حکومتی معاشی پالیسیوں پر تاجروں اور سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد کا اظہار ہے،بہتر معاشی اعشارئیے اور کاروباری ماحول پچھلے ایک سال کے دوران حکومتی معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ممکن ہوا،حکومت ملک میں کاروبار اور سرمایہ کاری کےلئے مثبت ماحول کی فراہمی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر تمام تر سہولیات فراہم کر رہی ہے ۔