پی ٹی آئی کا مقصد پاکستان کیخلاف کام کرنیوالی فورسزکو سپورٹ کرنا ہے:عظمیٰ بخاری

لاہور: (اپنے رپورٹر سے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے پی ٹی آئی کا مقصد پاکستان کےخلاف کام کرنےوالی فورسزکو سپورٹ کرنا ہے، ملک و قوم کی بات ہو تو بائیکاٹ پر چلے جاتے ہیں،شاید پاکستان اور عوام کے جان و مال سے کوئی غرض نہیں،ان خیالات کا اظہار انہوںنے لاہور پریس کلب میںپریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا،صحافیوں میں تحائف تقسیم کیے ۔

عظمیٰ بخاری نے کہا مسائل کے حل میں میڈیا نے مثبت کردار ادا کیا، عوام کی سہولت کےلئے مریم نواز ہرممکن اقدامات کر رہی ہیں،بطور وزیراعظم بانی پی ٹی آئی سیاسی جماعتوں کےساتھ نہیں بیٹھتے تھے، بانی پی ٹی آئی شاید خود کو پاکستان سے اوپر سمجھتے ہیں، ایک جماعت کا کام ہی بائیکاٹ کرنا ہے،سانحہ اے پی ایس کے بعد نیشنل ایکشن پلان بنا، آپریشن ضرب عضب ہو یا رد الفساد تمام دہشتگردوں کو ختم کیا،کچھ عرصہ ملک میں امن رہالیکن پی ٹی آئی دور میں سزا یافتہ دہشتگردوں کو صدارتی معافی دی گئی ،صدارتی معافی والے دہشت گرد زمان پارک کی سکیورٹی کرتے نظر آتے رہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا خیبرپختونخوا کو 600ارب دہشتگردی کیخلاف لڑنے کےلئے دئیے گئے لیکن کوئی سی ٹی ڈی نہیں بنا،سارا پیسہ کہاں خرچ کیا گیا کچھ پتہ نہیں،بانی پی ٹی آئی روزہ نہ رکھنے کا کوئی اور بہانہ ڈھونڈ لیں، سحری نہ ملنے کا بہانہ نہ کریں،کالعدم بی ایل اے جیسے دہشت گرد گروپ افغانستان سے اپنے ہینڈلرز کے ساتھ رابطے میں تھے لیکن خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ افغان مہاجرین کو واپس بھیجنے پر راضی نہیں،ملک کو نقصان پہنچانے والوں کا ایجنڈا کسی محب وطن پاکستانی کا نہیں ہو سکتا ۔