لاہور:(ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اہم اجلاس ہوا،اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود نے شرکت کی،اجلاس کے دوران مختلف ایجنڈاز پر غور و فکر کیا گیا،اجلاس کے دوران تمام وائس چانسلرز نے میڈیکل ایجوکیشن اور نرسنگ شعبہ کی بہتری کیلئے اہم تجاویز پیش کیں۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہا نظام صحت کی بہتری کیلئے میڈیکل ایجوکیشن سب سے اہم کردار ادا کرتی ہے، نرسنگ شعبہ کو نظام صحت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق نرسنگ شعبہ میں جدید ٹریننگ ماڈیولز کو متعارف کروایا جائے گا، پنجاب حکومت تمام دیگر صوبوں کی نسبت نرسوں کو زیادہ سٹائپنڈ فراہم کر رہی ہے، میڈیکل ایجوکیشن اور نرسنگ شعبہ میں بہتری لانے کیلئے پاکستان نرسنگ کونسل کے ساتھ محکمہ صحت جلد ایک نشست رکھے گا،حکومت پنجاب وفاقی حکومت کے ساتھ مکمل کوارڈی نیشن کرے گی،اجلاس میں وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل، وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر مسعود صادق، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر احسن وحید راٹھور، پرو وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر معین، ڈی جی نرسنگ، ڈین انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ پروفیسر سائرہ افضل و دیگر نے شرکت کی۔
نرسنگ شعبہ میں جدید ٹریننگ ماڈیولز کو متعارف کرایا جائے گا:سلمان رفیق



















