ساہیوال (بےورو رپورٹ) صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ خواجہ سلمان رفیق کی کمشنر آفس میں ساہیوال چیمبر کے وفد سے ملاقات۔ صدر اور معروف صنعتکار شیخ عظمت سلیم وفد کی قیادت کررہے تھے جبکہ اس موقع پر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کے صوبائی سیکرٹری عظمت محمود، کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید اور ساہیوال چیمبر کے سابق صدر شیخ بشارت ندیم بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر نے ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال میں ڈائیلاسز سنٹر کے قیام میں مرحوم شیخ محمد یونس کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور توقع ظاہر کی کہ ان کی وفات کے بعد شیخ محمد یونس کے صاحبزادگان شیخ عظمت سلیم اور شیخ بشارت ندیم فلاحی کاموں کو مزید آگے بڑھائیں گے۔انہوں نے ڈائیلاسز سنٹر میں مزید 20مشینیں فراہم کرنے کا بھی وعدہ کیا۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے شیخ عظمت سلیم نے صحت کے شعبے میں ان کے والد کی خدمات کو یاد رکھنے پر صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ ڈائیلاسز سنٹر میں مریضوں کو مزید سہولیات کی فراہمی میں فنڈز کی کمی کو آڑے نہیں آنے دیا جائیگا۔انہوں نے ساہیوال چیمبر کی طرف سے بھی فلاحی خدمات جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔
وزیر صحت کا ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال میں ڈائیلاسز سنٹر کے قیام پر شیخ یونس کو خراج تحسین



















