داعش دہشتگرد کی گرفتاری میں تعاون پر شکریہ پاکستان، امریکی سینٹرل کمانڈ

واشنگٹن:(خواجہ فاروق)داعش دہشتگرد شریف کی گرفتاری میں تعاون پر امریکی سینٹرل کمانڈ نے بھی پاکستان کا شکریہ ادا کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا افغانستان میں کابل ایئرپورٹ کے ایبی گیٹ پر حملے کے مرکزی ملزم شریف کی گرفتاری میں تعاون پر پاکستان کے شکر گزار ہیں،پاکستان نے ملزم کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے امریکہ کے ساتھ تعاون کیا،،دہشتگردی کےخلاف جنگ میں پاکستان ، مریکہ کا تعاون مشترک ہے۔

دریں اثنا امریکی ایجنسی نے پاکستانی شہری کو سلامتی کا خطرہ قرار دےکر ملک سے نکال دیا،ذرائع کے مطابق امریکی امیگریشن اور کسٹم انفورسمنٹ نے 56سالہ سید رضوی کو قومی سلامتی کا ترجیحی خطرہ قرار دیتے ہوئے 25 فروری کو امریکہ سے بے دخل کیا، سید رضوی و غیر قانونی طور پر ڈالاس اور ٹیکساس میں مقیم تھے، 31 جنوری کو معمول کے ٹریفک سٹاپ کے دوران گرفتار کیا گیا اور 24 جنوری کو امیگریشن جج نے ملک بدر کرنے کا حکم دیا۔

دوسری جانب امریکہ نے اپنے شہریوں کو پاکستان کے غیر ضروری سفر سے اجتناب کامشورہ دےدیا،محکمہ خارجہ کی ویب سائٹ پر جاری انتباہ میں کہا گیا امریکی مسافر خاص طور پر بلوچستان، خیبر پختونخوا اور سابق فاٹا کا سفر کرنے سے گریز کریں کیونکہ دہشتگردی کا خطرہ ہے،شہری آزاد کشمیر بھی نہ جائیں ،دہشتگردی کے علاوہ مسلح لڑائی کا امکان بھی موجود ہے۔

ایڈوائزری میں کہا گیاپرتشدد انتہا پسند گروہ پاکستان بالخصوص بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں حملوں کی منصوبہ بندی کررہے ہیں،بغیر کسی انتباہ کے حملے کرسکتے ہیں ،نقل و حمل کے مراکز، بازاروں، شاپنگ مالز، فوجی تنصیبات، ائیرپورٹس، یونیورسٹیز، سیاحتی مقامات، سکولز،ہسپتالوں، عبادت گاہوں اور سرکاری تنصیبات کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔