کون بنے گا چیمپئنز کا چیمپئن؟، نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان فائنل کل ہوگا
دبئی (مشرق نیوز) نیوزی لینڈ اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا فائنل میچ کل (اتوار)کودبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم ،دبئی میں کھیلا جائے گا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا نواں ایڈیشن جاری ہے جس میں شائقین کرکٹ کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی اپنے اختتامی مرحلے میں داخل ہوچکی ہے جس کا فائنل میچ 9 مارچ کو کھیلا جائے گا جس میں نیوزی لینڈ اور بھارت کی ٹیمیں دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم ،دبئی کے مقام پر نبرد آزما ہوں گی۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم کو مایہ ناز فاسٹ باﺅلر مچل سینٹنر لیڈ کریں گے جبکہ بھارتی کرکٹ ٹیم مایہ ناز اوپننگ بلے باز روہت شرما کی زیر قیادت میدان میں اترے گی۔آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں 8 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے پنجہ آزما تھی جن میں میزبان دفاعی چیمپئن پاکستان، بنگلہ دیش، افغانستان، بھارت، نیوزی لینڈ، انگلینڈ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ شامل تھیں۔ پہلے سیمی فائنل میچ میں بھارتی ٹیم نے آسٹریلیا کو 4 وکٹوں سے شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے جنوبی افریقا کی ٹیم کو 50 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا فائنل میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا اور پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دن 2 بجے شروع ہوگا۔ دو فائنلسٹ ٹیموں کے کپتانوں نے فائنل میچ میں کامیابی کیلئے بیانات دیئے ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا فائنل میچ انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار ہوگا۔

















