ٹڈاپ کرپشن کیس،یوسف رضاگیلانی 3مقدمات سے باعزت بری
کراچی: (بیورورپورٹ) یوسف رضا گیلانی سمیت 40 سے زائد ملزموں کو بڑا ریلیف، وفاقی اینٹی کرپشن عدالت نے ٹڈاپ کرپشن کیس کے 3 مقدمات سے بری کردیا۔
ٹڈاپ کرپشن کیس کی وفاقی اینٹی کرپشن عدالت میں سماعت ہوئی، چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی بھی پیش ہوئے،جج نے یوسف رضا گیلانی سے مکالمے میں کہا آپ کےخلاف 3 مقدمات کا فیصلہ ہے یوسف رضا گیلانی نے جواب میں کہا جی پتہ ہے۔
عدالت نے استفسار کیا آپ کس جیل میں جانا چاہیں گے، کراچی، ملتان یا اسلام آباد؟ یوسف رضا گیلانی نے جواب دیاجیل سے کوئی ڈر نہیں،،چاہیں تو مجھے پھانسی دے دیں،اینٹی کرپشن کورٹ کے جج نے مسکراتے ہوئے کہا آپ کو گھر کی جیل کیوں پسند نہیں؟۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا میرا آبائی گھر ملتان میں ہے، فیملی لاہور ،سینٹ آفس اسلام آباد میں ہے،عدالت نے ریمارکس میں کہا تو آپ بتائیں کورٹ تو کراچی میں ہے، چیئرمین سینٹ نے جواب دیا پھر کہا جائے گا میری جماعت کی سندھ میں حکومت ہے،عدالت نے کہا گیلانی صاحب آپ کےخلاف کوئی الزام ثابت نہیں ہوا، آپ بس با عزت بری ہیں، آپ کےخلاف گواہی دینے والے اب خود ملزم بن گئے،بعدازاں وفاقی اینٹی کرپشن عدالت نے 3 مقدمات میں چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی سمیت 40 سے زائد ملزموں کو بری کر دیا۔
کیس کی سماعت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا مجھ پر 2009 میں کیس بنایا گیا، تمام وعدہ معاف گواہ ملزم بن گئے اور ملک سے فرار ہیں،کیس موجودہ اتحادی حکومت نے ہی بنایا تھا، کوئی گلہ نہیں، حکومت کی مکمل سپورٹ کی جائے گی، اتحادی حکومت کو بیک سٹیب نہیں کریں گے۔
گیلانی نے کہا صدر آصف زرداری اور چیئرمین پی پی بلاول بھٹو مل کر اپنا موقف بیان کریں گے،سینٹ کے ایک اور ممبر کو اٹھا لیاگیا،گرفتار سینیٹرز کو پیش نہ کیا گیا تو اجلاس کی صدارت نہیں کروں گا،ہر کام آئین کی کتاب کے مطابق کرتا ہوں،ہمیشہ قوانین کے مطابق ذمہ داریاں ادا کیں،آفیشل دوروں پر جانا ضروری ہے ملک کی بدنامی نہیں کر سکتے کوئی رکن جیل میں ہے تو رول کے مطابق پروڈکشن آرڈر جاری کرسکتا ہوں،نہروں کا معاملہ میرٹ حل ہونا چاہیے۔

















