واشنگٹن:(خواجہ فاروق)مطلوب دہشتگرد کی گرفتاری ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان میں دہشتگردی کےخلاف تعاون پر پاکستان سے اظہار تشکر کیا۔
امریکی صدر کا منصب سنبھالنے کے بعد کانگریس سے پہلے طویل ترین خطاب میں ٹرمپ نے کہا دہشتگردی کےخلاف ہیں، اعلان کرتے ہوئے خوشی ہے افغانستان میں دہشتگردی کا بڑا ذمہ دارپکڑاگیا ،گرفتاری میں مدد پر پاکستان کا خصوصی طورپر شکریہ اداکرتا ہوں، ساڑھے 3 سال پہلے داعش نے 13 امریکیوں کو افغانستان میں قتل کیا،افغانستان میں فوجیوںکو ہلاک کرنےوالے کو امریکہ میں سخت قانون کاسامنا کرنا پڑےگا، پاکستانی عوام نے دہشتگردی کےخلاف جنگ میں بہت قربانیاں دیں۔
ٹرمپ نے خطاب میں دعویٰ کیا امریکہ واپس آگیا اور میری قیادت میں ملک ناقابل تسخیر ہے، پچھلی انتظامیہ سے معاشی تباہی ،افراط زرکا ڈراو¿نا خواب ملا،امریکہ پہلے سے بہتر انداز میں آگے بڑھ رہا ہے، ڈیموکریٹ کو دعوت دیتا ہوں آئیں ملکر امریکہ کو عظیم بنائیں، معدنیات کی پیداوار کو بڑھانے کیلئے تاریخی اقدامات کروں گا،میری حکومت نے صرف 43 دن میں وہ کامیابیاں حاصل کیں جو پچھلی حکومتیں 4 یا 8سال میں بھی حاصل نہ کر سکیں،کامیابیوں کا آغاز ہے ، امریکی ترقی کی رفتار بحال ہوگئی۔
امریکی صدر نے جو بائیڈن کو ”ناکام ترین صدر“ قرار دیتے ہوئے کہاماضی میں مہنگائی بے قابو رہی،عوام کےلئے انڈے خریدنا بھی مشکل تھا،افراط زر کم ،معاشی بحالی کو ترجیح دیں گے،امریکہ میں مقیم غیر قانونی افراد کےخلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے ،ممالک واپس بھیجا جائےگا،غیر ملکیوں کےلئے 50 لاکھ ڈالر کا گولڈ کارڈ گرین کارڈ سے بہتر ہوگا،قرض گولڈ کارڈ لینے والوں کی رقم سے اتاریں گے، تبدیلی کی راہ میں حائل بیوروکریٹ کو نکال دیں گے،میرا مینڈیٹ امریکہ کو دوبارہ عظیم بنانا ہے ،مشن کو جاری رکھیں گے،امریکہ کے زیادہ تر تجارتی شراکت داروں پر 2 اپریل سے جوابی ٹیرف عائد کیے جائیں گے،جوابی اقدام ہے۔
ٹرمپ نے کہا 6 ہفتے کے دوران تقریباً 100 کے قریب ایگزیکٹو آرڈرپر دستخط کیے، امداد کے طور پر دیا پیسہ واپس لا کر مہنگائی کم کرنے کیلئے استعمال کریں گے، کینیڈا کو سبسڈی دیتے ہیں اب ایسا نہیں ہو گا، امریکہ میں چیزیں نہیں تیار کریں گے تو ٹیرف دینا پڑے گا، نئی تجارتی پالیسی سے کسانوں کو فائدہ ہو گا، کوئی مقابلہ نہیں کر سکے گا،4 سال میں 21 ملین افراد امریکہ آئے، بائیڈن کی اوپن بارڈر پالیسی تھی، اقتدارمیں آنے کے بعد امریکہ میں غیرقانونی مقیم افراد کےخلاف اقدامات کیے، غیرقانونی امیگرینٹس کو نکالیں گے، غیرقانونی امیگرینٹس کےخلاف امریکی تاریخ کا سخت ترین کریک ڈاﺅن ہوگا،زہریلی نسلی پالیسی ختم کر دی،کینیڈا ،میکیسیکو کو امریکہ میں منشیات کی سمگلنگ روکنا ہوگی۔
امریکی صدرنے 2021 میں افغانستان سے امریکی انخلا کو ” انتہائی شرمناک،تباہ کن اور نااہلانہ فیصلہ“ قرار دیتے ہوئے کہا فیصلہ امریکہ کی پوزیشن و سکیورٹی پالیسی پر منفی اثر ڈال سکتا ہے، کابل ایئرپورٹ پر خودکش دھماکے میں 13فوجیوں کی ہلاکت امریکی تاریخ کا ”سب سے شرمناک لمحہ“ تھا،فخر کےساتھ اعلان کر رہا ہوں میری انتظامیہ نے بھیانک حملے کے مرکزی دہشتگرد کو گرفتار کر لیا ،درندے کی گرفتاری میں مدد پر پاکستان کاشکریہ ادا کرتا ہوں،صدر کے اعلان پر ایوان میں زبردست تالیاں بجائی گئیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے پاناما کینال کے بعد ڈنمارک کے اہم ترین جزیرے گرین لینڈ کو بھی امریکہ کا حصہ بنانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے دبے الفاظ میں دھمکی بھی دیدی،امریکی صدر نے کہا یوکرین تادیر امن کےلئے جلد از جلد مذاکرات کی میز پر آنا چاہتا ہے اور یوکرین کے عوام سے زیادہ کوئی بھی امن کا خواہاں نہیں ۔
دریں اثنا مغربی خبر ایجنسی کے مطابق پاکستان نے امریکی خفیہ ایجنسی کی دی گئی معلومات کی بنیاد پر داعش کمانڈر کو گرفتار کر لیا،مطلوب دہشتگرد 2021 میں افغانستان میں امریکی فوج کے انخلا کے موقع پر کی گئی بھیانک دہشتگردی کی سازش میں ملوث تھا،کابل ایئرپورٹ کے ایبی گیٹ پر دہشتگردی کے واقعہ میں 13 امریکی فوجی اور 170 افغان شہری مارے گئے ،شریف جعفر کے نام سے بھی جانا جاتا ہے،امریکی اہلکار نے کہا 26 اگست کو دہشتگردی کی واردات کا شریف ہی ماسٹر مائنڈ ہے۔
صدر ٹرمپ نے عہدہ سنبھالتے ہی سی آئی اے ڈائریکٹر جان ریٹکلف کو ہدایت دی وہ ایبی گیٹ دہشتگردی میں ملوث عناصر کو پکڑنا ترجیح بنائیں، سی آئی اے ڈائریکٹر نے عہدہ سنبھالنے کے دوسرے ہی روز پاکستان میں سینئر حکام کے ساتھ معاملہ اٹھایا اور پھر فروری میں میونخ سکیورٹی کانفرنس میں بھی پاکستان کے اعلیٰ سکیورٹی عہدیدار کےساتھ معاملے پر بات کی گئی ۔
ادھر ذرائع کے مطابق کابل ائیر پورٹ حملے کے ماسٹر مائنڈ شریف کو پاکستانی اداروں نے بلوچستان میں پاک افغان سرحد کے ملحقہ علاقے سے گرفتار کیا گیا، گرفتاری کیلئے پاکستانی فورسز نے متعدد مشکل انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے،داعش کا سرغنہ شریف 2021 میں ہونے والے کابل ایئرپورٹ پر حملے کا ماسٹر مائنڈ اور غیر ملکی انٹیلی جنس ایجنسیوں کا ہائی ویلیو ٹارگٹ تھا،گرفتاری پاکستان ،ٹرمپ انتظامیہ کے درمیان تعاون کی عکاس ہے۔
مطلوب دہشتگرد کی گرفتاری،شکریہ پاکستان،امریکی صدر ٹرمپ

















