نیویارک (مشرق نیوز) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے غزہ کی پٹی میں انسانی امداد کی فوریبحالی کا مطالبہ کیا ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق انہوں نے یہ مطالبہ اسرائیل کی جانب سے محصور فلسطینی علاقوں میں سامان اور رسد کے داخلے کو معطل کرنے کے اعلان کے بعد کیا ۔یو این سیکرٹری جنرل نے غزہ میں فوری طور پر انسانی امداد کی بحالی اور تمام قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ دہرایا۔گوتیریس کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے ایک بیان میں کہا کہ ہم تمام فریقین پر زور دیتے ہیں کہ وہ غزہ میں جنگ سے بچنے کیلئے ہرممکن اور ضروری کوششیں کریں۔اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے رابطہ کار ٹام فلیچر نے اسرائیل کی طرف سے غزہ کی پٹی کیلئے انسانی امداد کی معطلی کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے ایکس پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ اسرائیل کا غزہ کیلئے امداد معطل کرنے کا فیصلہ پریشان کن ہے۔ بین الاقوامی قانون واضح ہے۔ ہمیں زندگیاں بچانے والی امداد کی فراہمی جاری رکھنی چاہیے۔انہوں نے جنگ بندی کے نفاذ کے آغاز کا حوالہ دیتے ہوئے گذشتہ 42 دنوں میں ہونے والی پیشرفت پر پیچھے نہ ہٹنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی کو برقرار رہنا چاہیے۔ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی کے صدر نے بھی غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کو برقرار رکھنے اور لوگوں کو مایوسی کی طرف دھکیلنے سے بچنے کیلئے ہر ممکن کوشش کا مطالبہ کیا۔مرجانا سپولجارک نے ایک بیان میں کہا کہ جنگ بندی کو برقرار رکھنے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جانی چاہیے تاکہ لڑائی سے جانیں بچائی جا سکیں۔انہوں نے کہا غزہ میں انسانی امداد کی اجازت دی جائے اور مزید خاندانوں کو امداد میں شامل کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ 15 ماہ سے زائد جنگ عرصے کے بعد 19 جنوری کو نافذ ہونے والے جنگ بندی معاہدے نے بے شمار جانیں بچائیں اور ناقابل تصور مصائب کے درمیان امید کی کرن فراہم کی۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ گذشتہ چھ ہفتوں کی رفتار میں کسی بھی طرح کی کمی لوگوں کو مایوسی کی طرف دھکیلنے کا خطرہ ہے۔
اسرائیل کی جانب سے غزہ کی امداد کی معطلی پر اقوام متحدہ کا اظہار تشویش

















