چیمپئنز ٹرافی: گروپ بی پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال عجیب ہوگئی

لاہور (مشرق نیوز) آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا ساتواں میچ بارش کے باعث منسوخ ہوگیا جس کے بعد دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹس ملا۔گروپ اے سے پہلے ہی بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرچکی ہیں لیکن گروپ بی کی چاروں ٹیمیں اب بھی سیمی فائنل میں رسائی کیلئے میچز کھیلیں گی۔جنوبی افریقا اور آسٹریلیا کے دو میچز کے بعد اب تین، تین پوائنٹس ہیں اور جنوبی افریقہ پوائنٹس ٹیبل پر بہتر رین ریٹ کی وجہ سے پہلے نمبر پر موجود ہے، آسٹریلیا کا دوسرا جبکہ انگلینڈ اور افغانستان بالتریتب تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔جنوبی افریقی ٹیم سیمی فائنل میں جگہ بنانے کیلئے سب سے موزوں ٹیم ہے، ان کا رن ریٹ پلس 2.140 ہے، اگر پروٹیز ہفتے کو اپنے آخری گروپ میچ میں انگلینڈ کیخلاف کامیابی حاصل کرتے ہیں تو یہ ان کیلئے سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے کافی ہوگا۔اگر جنوبی افریقہ انگلینڈ سے ہار جاتی ہے تب بھی وہ فائنل فور میں جگہ بناسکتی ہے لیکن انگلینڈ کو باقی میچوں میں سے ایک میچ ہارنا ہوگا۔گروپ بی میں آسٹریلیا دوسرے نمبر پر موجود ہے، گروپ مرحلے میں آخری میچ میں کامیابی آسٹریلیا کو سیمی فائنل میں لے جائیگی۔اگر کینگروز ہار گئے تو انہیں انگلینڈ کو ہرانے کیلئے جنوبی افریقہ پر انحصار کرنا پڑے گا۔جوز بٹلر الیون کو آسٹریلیا کے خلاف پہلے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، انہیں ٹورنامنٹ میں برقرار رکھنے کیلئے باقی دونوں میچز جیتنے ہوں گے۔انگلینڈ کا افغانستان کے خلاف میچ گروپ بی کی چاروں ٹیموں کیلئے انتہائی اہم ہے، اگر آسٹریلیا اور جنوبی افریقا اپنے بقیہ گروپ میچ ہار گیا تو فاتح ٹیم چیمپئنز ٹرافی 2025 کے سیمی فائنل میں پہنچ جائے گی۔افغانستان کی ٹیم کو ٹورنامنٹ میں برقرار رہنے کیلئے آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کو شکست دینا ہوگی۔