لاہور: ( اپنے رپورٹر سے،ہیلتھ رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کاوش نے معصو م بچوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر دیں،لاہور کے چلڈرن ہسپتال میں بون میرو ٹرانسپلانٹ کے 150کامیاب آپریشن کیے گئے۔
بون میروٹرانسپلانٹ آپریشن پر 42لاکھ سے زائد اخراجات حکومت پنجاب نے ادا کیے،لاہور چلڈرن ہسپتال پاکستان بھر میں بون میروٹرانسپلانٹ آپریشن کرنے والا پہلا سرکاری ادارہ بن گیا، چلڈرن ہسپتال کے کینسر وارڈ میں ایک سال میں 2000مریضوں کا علاج کیا گیا، چلڈرن ہسپتال کی کینسر وارڈ او پی ڈی میں 25ہزار سے زائد کینسر کے مریض بچے مستفید ہوئے۔
چلڈرن ہسپتال میں بون میرو ٹرانسپلانٹ آپریشن میں کامیابی کا تناسب عالمی معیار کے مطابق89 فیصدسے زائدرہاہے، سندھ، بلوچستان اور دیگر صوبوں کے مریض بچے بھی بون میرو ٹرانسپلانٹ کرانے والوں میں شامل ہیں، افغانستان سے آنےوالے مریض بچوں کی چلڈرن ہسپتال لاہور میں فری بون میروٹرانسپلانٹیشن کی گئی۔
وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز ڈاکٹر مسعود صادق کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نوازکی ہدایت پربون میروٹرانسپلانٹ کے کسی مریض کو علاج کےلئے انکار نہیں کیا جاتا، بون میرو ٹرانسپلانٹ کے مریض بچوں کو آپریشن کے بعد ادویات بھی مفت دی جاتی ہے،بون میروٹرانسپلانٹ کے ہر بچے کاہر 15دن کے بعد فالو اپ چیک بھی کیا جاتا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا جلد بون میرو ٹرانسپلانٹ کارڈ کا اجراءکر دیا جائے گا،ہر بچہ میرے لئے اپنے بچوں سے بھی بڑھ کر ہے،مفت علاج ہر مریض بچے کا حق ہے، ریاست اپنا فرض ضرور نبھائے گی، ٹرانسپلانٹیشن کارڈ کے بعد مریض بچوں کے والدین اخراجات سے بے نیاز ہوجائیں گے،بچوں کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں،تمام وسائل مہیا کریں گے۔
قبل ازیں وزیراعلیٰ مریم نواز نے 35سال بعد 16روزہ ہارس اینڈ کیٹل شو کے کامیاب انعقاد پر عوام کو مبارکباد دی ہے،مریم نواز نے ہارس اینڈ کیٹل شو کی آرگنائزنگ ٹیم کواپنے پیغام میں کہا 5ماہ میں آپ نے مسلسل محنت سے کام کیا، ہارس اینڈ کیٹل شو کی کامیابی ٹیم کی محنت ،تخلیقی صلاحیتوں کا ثبوت ہے، پی ایچ اے کے ڈائریکٹر جنرل طاہر وٹو، افسران اور عملے کے تمام افراد کو بھی شاباش ، آپ کی محنت بچوں اور بڑوں کے چہروں پر خوشیاں لائی۔
وزیراعلیٰ نے کہا ہارس اینڈ کیٹل شو کی کامیابی کودیکھتے ہوئے اس جیسی تفریحی تقریبات کا دائرہ کار صوبے بھر میں پھیلانے کا فیصلہ کیا ہے، عوام کی تفریح کےلئے انٹرٹینمنٹ ایونٹس اور تفریحی پروگرام کراتے رہیں گے، ہارس اینڈ کیٹل شو کی شاندار روایت کو بھی جاری رکھیں گے،9 سے 24فروری تک ہارس اینڈ کیٹل شو سے پنجاب کے رنگ اجاگر ہوئے، شہریوں کو خوشی ملی، 20بڑے ایونٹس میںبچوں اور ہزاروں فیملیزشریک ہوئیں۔
13انٹرنیشنل ٹیموںکی آمد سے پاکستان اور پنجاب کا عالمی امیج روشن ہوا،سالوں بعد شہریوں نے لاہور میں شندور پولو، 7روزہ نیزہ بازی، بز کشی،تیر اندازی اور گھڑ سواروں کے سنسنی خیزمقابلے دیکھے، مریم نواز نے کہا پنجاب کے صوفیانہ رنگ اجاگر ہوئے، گلگت بلتستان کی ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ ملا اورروایتی کھانوں کی بہاررہی،چلڈرن فیسٹیول، ڈاگ شو، پھولوں، نادر اور نایاب گاڑیوں کی نمائش، رستم پنجاب دنگل کے سنسنی خیز مقابلوں نے ہارس اینڈ کیٹل شو کا لطف دوبالا کیا، عید کے بعد لاہور ایکسپو سنیٹر میں صنعتی نمائش کا انعقاد کیا جائےگا۔
لاہور چلڈرن ہسپتال بون میروٹرانسپلانٹ آپریشن کرنےوالا پہلا سرکاری ادارہ



















