کراچی پورٹ کی زمین اونے پونے داموں دی گئی، فیصل واوڈا

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سابق وفاقی وزیر وآزاد سینیٹر فیصل واوڈا نے بڑا انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کراچی پورٹ کی 40 ارب مالیت کی سرکاری زمین 5 ارب میں دی گئی۔

چیئرمین فیصل واوڈا کی زیر صدارت سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بحری امور کا اجلاس ہوا،سینیٹر دنیش کمار نے کہا بہت خوشی کی بات ہے وزیر کے علاوہ باقی سرکاری افسر بھی اجلاس میں موجود ہیں،چیئرمین کمیٹی فیصل واوڈا نے کہا کراچی پورٹ کی 40 ارب کی زمین 5 ارب میں دی گئی، 500 ایکڑ زمین کی مارکیٹ ویلیو 60 ارب سے زائد ہے،الاٹمنٹ کے سودے فوری روکے جائیں، زمین کی الاٹمنٹ شفاف کریں گے، کراچی پورٹ میں زمین کی الاٹمنٹ میں میگا سکینڈل ہے، الاٹمنٹ ایس آئی ایف سی کی مشاورت کریں گے،پہلے پاکستان اور بعد میں سیاست کے نظرئیے پر قائم ہیں۔

بعد ازاں فیصل وواڈا نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ٹیم ممبر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا سب سے پہلے پاکستان ہے،زمین کے بارے میں کسی کو کچھ نہیں پتہ، میرے پاس میرے کاغذ پورے ہیں، پاکستان کےلئے کام کر رہا ہوں،جلد ہی آپ دیکھیں گے عملی طور اربوں روپے ریکور ہوں گے۔