مصنوعی سیاسی بحران پیدا کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دینگے،نواز

لاہور:(اپنے رپورٹر سے) سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے عوام اب کسی کو تعمیر وترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے، سیاست و جمہوریت کے بنیادی اصولوں اور قدروں سے ناواقف گروہ کو اب لانگ مارچوں، دھرنوں ،پرتشدد احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی،مصنوعی سیاسی بحران پیدا کرنے کی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائےگا، 2013 میں تعمیر وترقی ، عوامی خوش حالی کا سفر رفتار سے جاری رہتا توآئی ایم ایف اورکسی کے سامنے ہاتھ پھیلانے کی ضرورت نہ ہوتی،ان خیالات کااظہار انہوں نے سینیٹر عرفان صدیقی سے ملاقات کے دوران کیا۔

نوازشریف نے کہاعوام بالخصوص نوجوان نسل کو پرامن و ترقی کرتے ہوئے پاکستان کی ضرورت ہے جہاں اپنی صلاحیتوں کے مطابق کردار ادا کرنے کے مواقع حاصل ہوں اب ملک ایک بار پھر پاﺅں پر کھڑا ہو رہا ہے،پارلیمنٹ کے اندر اور باہر انتشار پھیلانے ،عدمِ استحکام پیدا کرنے کی کوشش کرنےوالے عناصر کے عزائم کو بے نقاب کرنا چاہیے ،لیگی اراکین پارلیمنٹ موثر طریقے سے اپنا کردار ادا کریں اور عوام سے مضبوط رابطے رکھیں،عرفان صدیقی نے سینٹ میں پارلیمانی پارٹی کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔