29سال بعد میگاایونٹ کی میزبانی،فضائیہ کافلائی پاسٹ، تقریب کو چار چاند لگا دیئے

کراچی: (بیورورپورٹ،ایم این پی)29سال بعد میگاایونٹ کی میزبانی، چیمپئنز ٹرافی کی شاندار افتتاحی تقریب،پاک فضائیہ کافلائی پاسٹ،تماشائیوں کے دل موہ لیے۔

نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پاکستان ، نیوزی لینڈ کے میچ سے قبل چیمپئنز ٹرافی کی شاندار افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا، پاک فضائیہ کے فلائی پاسٹ نے تماشائیوں کے دل موہ لیے،تاریخی موقع کو یادگار بنانے کیلئے شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد نیشنل سٹیڈیم پہنچی۔


صدر مملکت آصف زرداری مہمان خصوصی ،خاتون اول آصفہ بھٹو بھی موجود تھیں،چیئرمین پی سی بی محسن نقوی میں معزز مہمان کا خیر مقدم کیا اور نیشنل سٹیڈیم میں ہونےوالے تزئین و آرائش کے اقدامات سے آگاہ کیا،افتتاحی میچ سے پہلے دونوں ٹیموں کے قومی ترانے پیش کئے گئے۔

2017 میں چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ،میچ سے قبل 3 منٹ تک جاری رہنے والے فضائی مظاہرے میں پاک فضائیہ کی شیر دل ٹیم نے سبز ہلالی پرچم کے رنگ بکھیرتے ہوئے پوری پاکستانی قوم کو سلام پیش کیا،شیر دل ٹیم نے بھرپور پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت دیتے ہوئے شاہین بریک کا بھی مظاہرہ کیا، جے ایف 17، ایف 16 اور شیر دل شاہینوں نے پوری قوم کا لہو گرمایا،پاک فضائیہ کے طیاروں نے افتتاحی شو میں خصوصی فلائی پاسٹ سے شائقین کرکٹ کے دل موہ لیے اورہمہ وقت قوم کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کے عزم کا اظہار کیا۔

دریں اثناصدر مملکت آصف زرداری نے سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد ،قائد قومی ٹیم رضوان سے ملاقات کی ،خاتون اول آصفہ بھٹو،چیئرمین پی سی بی محسن نقوی ودیگر بھی موجود تھے،چیمپئنز ٹرافی 2017 کی فاتح ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹرافی کو تھام کر اپنے جذبات کا اظہار کیا اور صدر مملکت کے ہمراہ تصویر بنوائی،صدر زرداری نے رضوان سے ملاقات میںچیمپئنز ٹرافی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔