وزیراعلیٰ عوام تک صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں: سلمان رفیق
لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے میوہسپتال میں عبدالرحیم خان ڈائیلسز سنٹر اور کارڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کا دورہ کیا۔اس موقع پر چیئرمین وزیر اعلیٰ ٹاسک فورس ڈاکٹر فرقد عالمگیر، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز، ایم ایس میوہسپتال پروفیسر فیصل مسعود، پروفیسر انیس اور بریگیڈیئر ریٹائرڈ خالد بشیر و دیگر فیکلٹی ممبران موجود تھے۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے عبدالرحیم ڈائیلسز سنٹر میں مریضوں سے ملاقات اور عیادت کی۔خواجہ سلمان رفیق نے ڈائیلسز سنٹر میں مختلف شعبہ جات و دیگر طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔متعلقہ ذمہ داران نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے میوہسپتال کے کارڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ میں داخل مریضوں کی بھی عیادت کی اور صلاحیت بڑھانے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ عبدالرحیم ڈائیلسز سنٹر میں مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ صوبائی وزیر نے عبدالرحیم ڈائیلسز سنٹر میں ایچ آر کی کمی کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ میوہسپتال کے کارڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کو مکمل پیپر لیس کرنے جا رہے ہیں۔ پنجاب کے کارڈیالوجی ہسپتالوں سمیت بڑے سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں کارڈیالوجی ڈیپارٹمنٹس کی صلاحیت میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام تک صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔



















