ایل او سی پر آزاد کشمیر اور گلگت میں بھارتی تخریبی کارروائیاں بے نقاب

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)ایل او سی پر آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھارتی تخریبی کارروائیاں بے نقاب،پرامن علاقوں میں بدامنی پھیلانے کی تفصیلات سامنے آ گئیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر نہتے شہریوں پر بلااشتعال فائرنگ ،تخریبی سرگرمیوں کی تاریخ پرانی ہے،ایل او سی پر دھماکہ خیز مواد کی نقل و حمل،استعمال کے ذریعے تخریب کاری کی کوشش کی جا رہی ہے،شواہد کے مطابق 2016 کے بعد سے ایل او سی پر بھارت کی طرف سے آئی ای ڈیز لگانے کے 54 واقعات سامنے آئے، چکوٹھی، نیزا پیر، چیریکوٹ، رکھ چکری، دیوا و دیگر علاقوں میں بھارتی آئی ای ڈیز ملنے ، پھٹنے کے واقعات میں اضافہ ہوا۔

بھارتی آئی ای ڈیز دھماکوں کے نتیجے میں اب تک متعدد معصوم شہری زخمی ، شہید ہو چکے ،طویل عرصے سے بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر تخریبی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ،تخریبی سرگرمیوں میں بھارتی آئی ای ڈیز، ہتھیار ، منشیات کی نقل و حمل باغ، بٹل، دیوا و دیگر علاقوں میں کی جا رہی ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق 4 سے 6 فروری کے دوران بٹل سیکٹر ، راولاکوٹ کے علاقے میں 4 بھارتی آئی ای ڈیز برآمد ہوئیں ،دھماکے سے شہری شہید ہوا،گزشتہ روز بھارتی فوج نے دیوا اور باگسر سیکٹر میں فائر بندی کی خلاف ورزی کی ،2 جوان زخمی ہوگئے،پاکستان کی جانب سے پونچھ، باغ، کوٹلی، میرپور اور راولاکوٹ میں بدامنی پھیلانے ،بھارتی آئی ای ڈیز کی نقل و حمل پر بھارت سے احتجاج بھی کیا گیا،پاکستان نے علاقوں میں موجود اقوام متحدہ حکام کےساتھ بھارتی تخریبی سرگرمیوں کے شواہد کا تبادلہ کیا،سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے پاکستانی فوج پر دراندازی کے جھوٹے الزامات کےلئے فالس فلیگ آپریشنز اور جعلی مقابلے کیے جاتے رہے ہیں۔