آپریشن ڈیول ہنٹ، شیخ حسینہ کے وفاداروں کیخلاف کارروائی شروع، 1300 سے زائد گرفتار

ڈھاکہ (مشرق نیوز) بنگلہ دیش کی عبوری حکومت نے طلبہ کارکنوں پر حملے کے ذمہ دار معزول وزیراعظم شیخ حسینہ کے حامیوں کےخلاف ”ڈیول ہنٹ“ کے نام سے آپریشن کا آغاز کر دیا،حکومت نے آپریشن کے تحت 1300 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا،میڈیا رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مقامی افراد اور شیخ حسینہ مخالف طلبہ کے گروپوں کے درمیان جھڑپوں کے بعد ”آپریشن ڈیول ہنٹ“ شروع کیا،اجلاس میں متعلقہ علاقوں میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور دہشت گردوں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کےلئے مشترکہ فورسز کے تعاون سے آپریشن ڈیول ہنٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا، بنگلہ دیش کے ضلع غازی پور میں جمعہ کی رات کشیدگی دیکھنے کو ملی، طلبہ نے سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کےخلاف احتجاج کیا، ”بلڈوزر پروگرام“ کے دوران ہونے والی جھڑپوں میں تقریباً 15 طلبہ زخمی ہوئے، جو مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں،بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر ایم یونس نے تمام شہریوں پر زور دیا وہ فوری طور پر امن و امان بحال کریں، ایم یونس نے شیخ حسینہ کے خاندان اور عوامی لیگ پارٹی سے منسلک املاک پر حملوں کےساتھ ساتھ عام شہریوں پر ہونےوالے حملے روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔