سپیکر نے مذاکرات کی دعوت نہیں دی ،ترجمان، کمیٹی غیر موثر ہوچکی،عرفان صدیقی

اسلام آ باد:(بیورورپورٹ)ترجمان قومی اسمبلی نے واضح کیاہے سپیکر سردار ایاز صادق نے پی ٹی آئی کو مذاکرات کی کوئی دعوت نہیں دی ،صرف کہا تھا دروازے ہر کسی کےلئے کھلے ہیں۔

اپنے بیان میں ترجمان قومی اسمبلی نے کہامذاکرات کی باضابطہ دعوت تب دیں گے جب حکومت یا اپوزیشن خود درخواست کریں گے،سپیکر قومی اسمبلی کا کردار بھی یہی ہے اور انہوں نے اپنی پوزیشن واضح کردی تھی،سپیکر قومی اسمبلی کے چیمبر اور گھر کے دروازے کسی بھی رکن کےلئے کھلے ہیں۔

دوسری جانب ن لیگی سینیٹر وترجمان حکومتی مذاکراتی کمیٹی عرفان صدیقی نے کہارسمی طور پرتحلیل ہو نہ ہو حکومتی مذاکرتی کمیٹی عملی طور پر غیر فعال ، غیر موثر ہو چکی ،پی ٹی آئی نے یکطرفہ طور پر مذاکراتی عمل سے نکل جانے کے بعد وزیر اعظم کی پیش کش بھی ٹھکرا ئی اب پر تشدد احتجاج کیلئے ہوم گراونڈ کی طرف جانا چاہتی ہے، جب کبھی پھر مذاکرات کی ضرورت محسوس ہوئی تو دیکھی جائے گی۔