پاکستان موسمیاتی تبدیلی کامسئلہ حل کرنے کو لیڈ کرے:ورلڈ بینک

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)نمائندہ ورلڈ بینک نے کہا ہے پاکستان موسمیاتی تبدیلی کامسئلہ حل کرنے کو لیڈ کرے۔

بریتھ پاکستان انٹرنیشنل کلائمیٹ چینج کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نمائندہ ورلڈ بینک نے کہا پاکستان اپنی جی ڈی پی کا سالانہ 9 فیصد نقصان موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے کررہا ہے جبکہ اپنی جی ڈی پی کا 6 فیصد نقصان اربن ٹرانسپورٹ کی وجہ سے برداشت کررہا ہے، موسمیاتی تبدیلیاں غریب لوگوں کا مسئلہ ہے،پاکستان موسمیاتی تبدیلی کا ذمہ دار ہے اور نہ ہی پاکستان کی وجہ سے لاس اینجلس میں آگ لگی ، پاکستان کو باہر کی دنیا کا انتظار نہیں کرنا چاہیے خود مسائل کا حل نکالنا چاہیے، کلائمیٹ چینج صرف شعبہ توانائی کی وجہ سے نہیں ہے، سب سے بڑا مسئلہ زراعت اور پانی کا ہے، عالمی مارکیٹ میں ایگریکلچر کے 17 فیصد شیئرز کم ہوئے ہیں۔

نمائندہ ورلڈ بینک نے کہا پاکستان وہ ملک ہے جس کا عالمی سطح پر گیسز کا اخراج کم ہے لیکن پھر بھی اسے بری طرح موسمیاتی تبدیلی کا سامنا ہے، عالمی سطح پر موسمیاتی ناانصافیاں ہورہی ہیں، کیا کاپ 29 میں جو وعدے کیے گئے تھے وہ پورے ہوئے ہیں؟ ہوا کی آلودگی کی وجہ سے سالانہ 7 ملین لوگ لقمہ اجل بنتے ہیں، جہاں دنیا موسمیاتی تبدیلی کے حل سے پیچھے ہٹنے لگی وہیں پر پاکستان قدم بڑھا رہا ہے، پاکستان کو ہی موسمیاتی تبدیلی کو حل کرنے میں لیڈ کرنا چاہیے۔

وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کانفرنس کے دوسرے روز خطاب کرتے ہوئے تجویز دی اقوام متحدہ آلودگی پھیلانے والوں پر کسی نہ کسی طرح کا عالمی ماحولیاتی ٹیکس عائد کرے ، ٹیکس کی رقم سے ایک ایسا فنڈ ہونا چاہیے جو جنوب کے ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی تبدیلی کے مسائل سے نمٹنے میں مدد دے۔