ٹرمپ کیخلاف فیصلہ جمہوریت پر کاری ضرب ہے:امریکی شہری

نیویارک:(خواجہ فاروق)امریکی شہریوں نے نومنتخب صدر ڈونلڈٹرمپ کیخلاف عدالتی فیصلے کو جمہوریت پر کاری ضرب قرار دےدیا۔

امریکی شہریوں کی کثیر تعداد نے کہا ٹرمپ دنیا کے رہنما اور امریکہ سپر پاور ہے، عوام نے مینڈیٹ دیا،نیویارک سٹیٹ کورٹ کے جج جوان مرچن سمیت کسی جج کومنتخب صدر کےخلاف ایسے مقدمے میں فیصلہ دینے کا کوئی حق نہیں جس کا آغاز کسی متنازع شہرت رکھنے والے فرد کی شکایت سے ہوا ہو،فیصلہ سیاسی ایجنڈا ہے ،پیچھے ڈیموکریٹس ہیں،محکمہ خارجہ، انصاف اور کانگریس معاملے کی تحقیقات کریں ،عوام کے سامنے حقائق لائیں ٹرمپ کو کیوں جھوٹے الزامات کا نشانہ بنایا گیا، فیصلے کےخلاف عالمی سطح پر بھی غم و غصہ دیکھا گیا۔

کمیونٹی نے کہابین الاقوامی عدالت انصاف کے ججوں کے بنچ کو بھی تحقیقات کرنی چاہئیں،ادھر ٹرمپ کے حامی اور ناقدین دونوں فیصلے کو صدارتی دفتر اور امریکی عوام کی انتخابی رائے پر حملہ قرار دے رہے ہیں،سیاسی و قانونی حلقوں میں نمایاں آوازیں فیصلے کے وقت ، نوعیت پر خدشات ظاہر کر رہی ہیں اور انتخابی عمل کے تقدس پر پڑنے والے اثرات پر سوال اٹھا رہی ہیں۔

،قانونی تجزیہ کار نے کہا صرف ایک شخص نہیں ،لاکھوں امریکیوں پر حملہ ہے جنہوں نے نیک نیتی کےساتھ اپنے ووٹ دئیے،مقدمے کی بنیادزیادہ تر مشکوک الزامات پر مبنی ہے ،دریں اثنا فیصلے کے بعد مختلف شہروں میں مظاہرے کیے گئے،مظاہرین نے”ووٹوں کا احترام کرو“ ”انصاف دو، انتقام نہیں“ کے نعروں والے پلے کارڈز اٹھارکھے تھے۔

عوامی، سیاسی، سماجی حلقوں نے چیف جسٹس سپریم کورٹ جان رابرٹ ،کانگریس اور سینٹ سے اپیل کی ہے امریکہ کی جمہوری ساکھ کو بچانے کےلئے فوری طور پر جوڈیشل کمیشن بنا کر فیصلے کو ختم کرنے کےلئے اقدامات کریں اگر ایسا نہ کیا گیاتو امریکہ دنیا میں مذاق بن کر رہ جائے گا جس سے امریکی شہریوں کو ندامت کا سامنا کرنا پڑے گا، متنازع فیصلہ کرنے پر کانگریس کی جوڈیشل کمیٹی کو بھی فوری سماعت کر کے اپنا فیصلہ سنا کر کردار ادا کرنا چاہیے،مزید برآں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہاوہ امریکی عوام کی خدمت اور جمہوریت کے اقدار کو قائم رکھنے کےلئے پرعزم رہیں گے۔