کوئی آرمی افسر آئین معطل کرتا ہے تو کیا سزا ہے ؟،آئینی بنچ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ) فوجی عدالتوں میں سویلینز ٹرائل کےخلاف اپیل کی سماعت میں جسٹس مسرت ہلالی نے سوال کیا اگر کوئی آرمی افسر آئین معطل کرتا ہے تو کیا سزا ہے ؟، جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے آرمی ایکٹ میں موجود تمام جرائم کا اطلاق فوجی افسروں پر ہی ہو گا۔

جسٹس امین الدین کی سربراہی میں آئینی بنچ نے سویلینز کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل فیصلے کےخلاف انٹراکورٹ اپیل پر سماعت کی ،جسٹس امین الدین خان نے خواجہ حارث سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا مناسب ہوگا منگل تک اپنے دلائل مکمل کر لیں، کون سے مقدمات فوجی عدالتوں کو منتقل ہوئے اور کیوں ہوئے مختصر رکھیے گا، ججز کے حوالے سے سوالات ہوئے تو آخر میں دیکھ لیں گے،وزارت دفاع کے وکیل نے دلائل دئیے سپریم کورٹ نے آرمی ایکٹ کی سیکشن59(4) کو بھی کالعدم قرار دیا۔

جسٹس مندوخیل نے کہا آرمی ایکٹ میں کئی جرائم کا ذکر بھی موجود ہے، ایکٹ کے مطابق تمام جرائم کا اطلاق فوجی افسروں پر ہوگا، خواجہ حارث نے کہا سویلینزکا ٹرائل آرمی ایکٹ کی سیکشن 31 ڈی کے تحت آتا ہے، فوجی عدالتوں کو آئین نے بھی تسلیم کیا، جسٹس مندوخیل نے ریمارکس دئیے سیکشن 31 ڈی تو فوجیوں کو فرائض کی انجام دہی سے روکنے پر اکسانے سے متعلق ہے، فوجی عدالتوں میں کیس کس کا جائے گا یہ دیکھنا ہے، جسٹس مسرت ہلالی نے کہا آئین تو بہت سے ٹربیونلز کی بھی توثیق کرتا ہے، دیکھنا صرف یہ ہے کون سے کیسز کہاں اور کیسے سنے جا سکتے ہیں، مسئلہ پروسیجر کا ہے ٹرائل کون کرےگا،جسٹس مندوخیل نے سوال کیا کیا سویلین کا ملٹری ٹرائل کورٹ مارشل کہلاتا ہے؟۔

خواجہ حارث نے جواب دیا ملٹری کورٹس میں کورٹ مارشل ہی ہوتا ہے،جسٹس مسرت ہلالی نے سوال کیا اگر کوئی آرمی افسر آئین معطل کرتا ہے تو کیا سزا ہے؟ آرمی ایکٹ میں کیا آئین معطل کرنے کی سزا ہے؟ ،خواجہ حارث نے جواب دیا آئین کے آرٹیکل 6 میں آئین کو معطل کرنے کی سزا ہے، آئین کا آرٹیکل 6 ہر قانون پر فوقیت رکھتا ہے، آرمی ایکٹ میں حلف کی خلاف ورزی کی سزا ہے،جسٹس مندوخیل نے سوال کیا عدلیہ مارشل لا کی توثیق کرتی رہی، کیا غیرآئینی اقدام پر ججزبھی آرٹیکل 6 کے زمرے میں آتے ہیں، جسٹس علی مظہر نے کہا پرویز مشرف کیس میں ججز کے نام لیے گئے تھے، سنگین غداری ٹرائل میں بعد ازاں ججز کے نام نکال دیئے گئے۔

جسٹس جمال مندوخیل نے کہا اگرملٹری ٹرائل میں قانون شہادت کی خلاف ورزی ہو تو کیا ہوگا، جسٹس حسن اظہر نے کہا کیسے پتہ چلے گا قانون شہادت کی خلاف ورزی ہوئی یا نہیں، فیصلہ جب دیکھا ہی نہیں تو کیا ریکارڈ دیکھ سکتے ہیں، خواجہ حارث نے جواب دیا سپریم کورٹ کے فیصلے موجود ہیں،قانونی تقاضے پورے نہ ہوں تواعلیٰ عدلیہ جائزہ لے سکتی ہے،جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا دیکھنا چاہتے ہیں ملٹری ٹرائل میں شواہد کا معیار کیا تھا، فیلڈکورٹ مارشل میں کیاگواہوں پرجرح کی اجازت تھی؟ کیادفاع میں گواہ پیش کرنے کاحق دیا گیا؟۔

خواجہ حارث نے جواب دیا سپریم کورٹ میں آرٹیکل 184 کی شق3 کے فیصلے کےخلاف اپیل زیرسماعت ہے، سپریم کورٹ اپیل میں ٹرائل نہیں دیکھ سکتی، شواہدکے معیار کا جائزہ لینے سے قبل سپریم کورٹ کو اختیار سماعت بھی مدنظر رکھنا ہے،جسٹس حسن اظہر نے کہا پھر بھی جائزہ تو لے سکتے ہیں ناں؟ خواجہ حارث نے جواب دیا احترام کےساتھ کہنا چاہتا ہوں آپ کیس کے میرٹس پر نہیں جاسکتے، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت پہلے سویلین عدالتوں میں ٹرائل چلتا تھا، جسٹس حسن اظہر نے کہا آفیشل سیکرٹ ایکٹ میں ترمیم 11اگست 2023میں ہوئی، واقعہ مئی 2023کاہے، کیا قانون کا اطلاق ماضی سے کیا گیا؟وزارت دفاع کے وکیل نے کہا جی ایکٹ میں ترمیم کا اطلاق ماضی سے کیا گیا،بعد ازاں سپریم کورٹ نے سماعت ملتوی کردی۔