نیو ائر نائٹ پر قانون شکن عناصر کو فوری گرفتار کیا گیا: آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹرعثمان انور نے سنٹرل پولیس آفس پنجاب لاہور میں پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ سے ملاقات کی۔آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین کی درخواستیں سنیں اور فوری ریلیف کیلئے احکامات جاری کئے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈسپلن، ایڈمن، پروموشن اور ویلفیئر سے متعلقہ دیگر درخواستوں پر بھی احکامات جاری کئے۔ دریں اثناء آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر نگرانی سال 2024ءمیں پنجاب پولیس کے اقدامات جاری رہے۔سال 2024ءکے دوران صوبہ بھر میں میرٹ و سنیارٹی کے مطابق 5 ہزار سے زائد پروموشنز کی گئیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سال 2024ءمیں تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں کے ساتھ 8 ایم او یوز سائن کئے گئے۔ دریں اثناءڈاکٹر عثمان انور نے نیو ایئر نائٹ پر بہترین سکیورٹی انتظامات پر پولیس فورس کو شاباش دی ہے۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ آر پی اوز، ڈی پی اوز اور ٹریفک افسران سمیت سینئر افسران فیلڈ میں موجود رہے۔ موثر پٹرولنگ، مانیٹرنگ اور مربوط سکیورٹی انتظامات کی وجہ سے نیو ایئر نائٹ پ±ر امن گزری۔ حالات مکمل طور پر پرامن رہے،کسی قسم کا کوئی جانی نقصان اور ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ ڈولفن سکواڈ، پیرو، ایلیٹ، ٹریفک پولیس اور اے آر ایف سمیت تمام پولیس یونٹس نے بہترین حکمت عملی اپنائی۔ ہلڑ بازی،ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ اور دیگر سماج دشمن سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر تھیں۔ علاوہ ازیں رجسٹرار سنٹرل پولیس آفس ڈپٹی ڈائریکٹر غلام مصطفی کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر الوداعی تقریب منعقد ہوئی۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور سینئر افسران نے گراں قدر خدمات پر رجسٹرار سی پی او غلام مصطفی کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ محکمہ پولیس کے لئے ڈپٹی ڈائریکٹر غلام مصطفٰی کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر غلام مصطفٰی کے مسلسل فالو اپ سے انتظامی امور بہترین انداز میں انجام پائے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر غلام مصطفی درد دل رکھنے والے انسان ہیں اور عزت آبرو کے ساتھ ملازمت سے سبکدوش ہوئے۔ دوسری طرف سنٹرل پولیس آفس میں پنجاب پولیس کے ریٹائرڈ ہونے والے16 ڈی ایس پیز کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ریٹائرڈ ہونے والے ڈی ایس پیز نے ملاقات کی۔ آئی جی پنجاب نے محکمہ پولیس کیلئے گراں قدر خدمات سر انجام دینے پر ریٹائرڈ ڈی ایس پیز کا شکریہ ادا کیا۔