خیبر پختونخوا کا قرض وفاق کی نااہلی کی وجہ سے بڑھا :بیرسٹر سیف
پشاور (بیورو رپورٹ) مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کے پی حکومت کا قرض بھی وفاقی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے بڑھا ،عطا ءتارڑ کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا عطا تارڑ ہر روز کوئی نہ کوئی ایسی بات کرجاتے ہیں جس سے ان کی نااہلی عیاں ہوجاتی ہیں،عطاءتارڑ نے خیبر پختونخوا کی معیشت پر بات کرکے بڑے بڑے معیشت دانوں کی ہنسی نکال دی، عطا تارڑ نے وفاقی حکومت کا وائٹ پیپر کاپی کرکے خیبر پختونخوا کے کھاتے میں ڈال دیا ہے، خیبر پختونخوا کے قرضے وفاق کے مقابلے میں اونٹ کے منہ میں زیرے کے برابر بھی نہیں ،صوبے کا کل قرضہ 725 ارب روپے ہے جبکہ وفاق ہر مہینے اتنا ہی قرض لیتا ہے، شہباز شریف کے صرف 2سالہ اقتدار میں پاکستان کا قرضہ 27 ہزار ارب روپے بڑھا ، جعلی حکومت کے دور حکومت میں روپے کی قدر کم اور فارن کرنسی کی بڑھی ہے،ترجمان کے پی حکومت نے کہا خیبر پختونخوا میں صحافیوں کےخلاف کارروائی کی بات بھی مضحکہ خیز ہے،صحافی تو اسلام آباد میں بھی محفوظ نہیں ،جعلی حکومت کی فسطائیت کی وجہ سے صحافی باہر ممالک میں مقیم ہیں، سوشل میڈیا پر اربوں روپے خرچ کرنے والی بات مریم نواز کی حد تک ٹھیک ہوسکتی ہے، خیبر پختونخوا میں ایسا کچھ نہیں ہے۔
















