حکومت فلسطین معاملے میں کردار ادا کرے:نعیم الرحمن،وزیر اعظم نے ہر فورم پر مسئلہ اجاگر کیا:وزیر داخلہ

لاہور (اپنے نمائندے سے+ اپنے رپورٹر سے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات کی اورآئی پی پیز معاہدوں سے آگاہ کیا ،ملاقات میں ملک میں امن و امان کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور بلوچستان اور خیبر پختونخوا خصوصا ًکرم ایجنسی کے حالات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا،محسن نقوی نے کہا پورے ملک میں امن وامان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے،وزیر داخلہ نے آئی پی پیز سے معاہدوں کے حوالے سے بھی امیر جماعت اسلامی کو آگاہ کیا ،محسن نقوی نے کہا حکومت جماعت اسلامی سے راولپنڈی معاہدہ کے دوران کیے گئے وعدوں پر قائم ہے،بجلی بلوں میں عوام کو بڑا ریلیف ملے گا،امیر جماعت اسلامی نے کے الیکٹرک کے بارے میں بھی تجاویز پیش کیں،حافظ نعیم نے کہا حکومت کو فلسطین کے معاملے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، وزیر داخلہ نے کہا حکومت معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے اور وزیر اعظم نے ہر فورم پر مسئلہ فلسطین کو اجاگر کیا ،ملاقات میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم اور نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر اسامہ رضی بھی موجود تھے،دوسری جانب امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کسانوں کے استحصال کےخلاف مختلف اضلاع میں جلسے، مارچز اور اہل غزہ پر جاری ظلم، اس کی امریکی پشت پناہی اور اسلامی ممالک کے حکمرانوں کی خاموشی کے خلاف 29 دسمبر کو اسلام آباد میںیکجہتی فلسطین ملین مارچ کا اعلان کر دیا۔