حلال، حرام کی تمیز ختم، ملک سے کرپشن ختم ہوجائے تو آئی ایم ایف کی ضرورت نہیں : خواجہ آصف

سیالکوٹ (بیورو رپورٹ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے ملک میں کرپشن کی انتہا ہے، اگر 50 فیصد بھی کرپشن کا خاتمہ ہو جائے تو ہمیں آئی ایم ایف کی ضرورت نہیں رہے گی اور ہمارا ملک ترقی کی راہوں پر گامزن ہو جائے گا،پاکستان کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے لیکن وقت کےساتھ ساتھ مسائل حل ہوتے جائیں گے،سیالکوٹ میں ایوان صنعت و تجارت میں صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا معاشی مجبوریاں بعض اوقات تکلیف دہ ہوتی ہیں،ایک سال سے ملک آئی ایم ایف کے پریشر سے گزر رہا ہے لیکن ہمیں ملک کے اندر استحکام کی ضرورت ہے اور پالیسی ریٹ 9 فیصد کم ہوا ہے جس سے بہتری آئے گی،سٹاک مارکیٹ مثالی ہے، ہمارے دوسرے انڈیکیٹرز بھی مثبت آرہے ہیں، مہنگائی سنگل ڈیجٹ پر آگئی، ریجن میں پیدا ہونے والے مسائل کے اثرات ہم پر بھی مرتب ہوتے ہیں،ایوان صنعت و تجارت کے مسائل سے آگاہ ہوں لیکن سیالکوٹ شہر کا کلچر سامنے ہے، پرائیویٹ شراکت داری سے ایئر پورٹ اور ایئرلائن کے قیام کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی، وزیر دفاع نے کہا گزشتہ تین چار ماہ سے مجھے پورٹ شپ کی ٹاسک فورس کا چیئرمین بنایا گیا، ایک کنٹینر کو آپریٹ کرنے کےلئے چھ گھنٹے کا وقت درکار ہوتا ہے، گاڑیوں سے ٹریکر اتار کر دوسری گاڑیوں کو ٹریکر لگا دیا جاتا ہے، وزیر ہوا بازی نے پاکستانی ایئر لائنز کےلئے خوشی کی نوید سنا دی ہے، سال نو کے آغاز سے ایئر سیال، ایئر بلیو اور فلائی جناح کو دبئی کے تمام ایئر پورٹ پر لینڈ کرنے کی اجازت ہوگی، وفاقی وزیر نے کہا نان کسٹم گاڑیوں کی بہت بڑی سمگلنگ ہے، حلال اور حرام کی تمیز ختم ہو گئی ہے، پرویز الٰہی نے بتایا ایک بیوروکریٹ نے بچیوں کی شادی میں 4 ارب روپے سلامی کمائی، ایک کسٹم کلکٹر کروڑوں روپے کی کرپشن کرتا ہے۔