پشاور، اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے سول نا فرمانی کی تحریک کے حوالے سے عمران خان کے حکم کا انتظار ہے،پشاور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپورنے کہا مجھے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، میں پورے صوبے کا نمائندہ ہوں، مجھے کلیئرنس کی ضرورت نہیں، کلیئرنس مانگنے والوں کی کلیئرنس ہونی چاہیے،بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہ دینے پر عدالت جاو¿ں گا، سول نافرمانی سے متعلق عمران خان جو بھی ہدایات دیں گے ویسا ہی ہوگا،دوسری جانب پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو 16 جنوری تک کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دےدیا،پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ اور جسٹس وقار احمد نے علی امین گنڈاپور کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی، دوران سماعت ڈپٹی اٹارنی نے عدالت میں رپورٹ جمع کرائی،رپورٹ کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کےخلاف اسلام آباد میں 32 اور پنجاب میں 33 مقدمات درج ہیں،عدالت نے علی امین گنڈاپور کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو 16 جنوری تک کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دےدیا،پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونے کی بھی ہدایت کر دی،دریں اثناءاسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے آڈیو لیک کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھنے کا حکم دےدیا،آڈیو لیک کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امن گنڈا پور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری سے متعلق درخواست کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج عبدالغفور کاکڑ نے کی، علی امین گنڈا پور اور اسد فاروق عدالت میں پیش نہ ہوئے،ملزمان کے وکیل راجہ ظہور الحسن ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے،عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور اسد فاروق کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے کیس کی سماعت 9 جنوری تک ملتوی کر دی۔
سول نافرمانی کی تحریک کیلئے عمران خان کے حکم کا انتظار ہے: گنڈاپور، حفاظتی ضمانت میں ایک ماہ کی توسیع
















