پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے صوبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے:خواجہ سلمان رفیق

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے مدر اینڈ چائلڈ بلاک میں معصوم بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر انسدادِ پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری رشدہ لودھی، سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نادیہ ثاقب، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل، ایم ایس گنگارام ہسپتال، پرنسپل فاطمہ جناح میڈیکل کالج، فیکلٹی ممبران و دیگر موجود تھے۔لاہور، راولپنڈی اور فیصل آباد میں انسداد پولیو مہم 22 دسمبر تک جاری رہے گی۔دیگر 33 اضلاع میں مہم 20 دسمبر تک جاری رہے گی۔2 کروڑ 33لاکھ بچوں کو ویکسین کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔اس موقع پر پولیو کے خاتمے کیلئے کام کرنے والے بین الاقوامی اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پولیو کے خاتمے کو قومی ایجنڈا سمجھتے ہوئے تمام صوبوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کیلئے صوبوں کے مابین تعاون بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔ والدین اپنے بچوں کو مستقل معذوری سے بچانے کیلئے پولیو کے قطرے ضرور پلائیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ سو فیصد کوریج یقینی بنانے کیلئے مائیکرو پلانز بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ پولیو پر قابو پانے کیلئے مشترکہ کوششوں کا تسلسل ضروری ہے۔وزیرصحت پنجاب نے کہاکہ 16 دسمبر سے شروع ہونےوالی انسداد پولیو مہم میں دو کروڑ 33 لاکھ بچوں کو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔قطرے پلانے کیلئے 85 ہزار موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ دریں اثناءکنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام 44 ویں سالانہ انٹرنیشنل سائنٹفک کانفرنس کی افتتاحی تقریب کا انعقادکیاگیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی سینٹرل دائگناسٹک لیب کا بھی افتتاح کیا۔ علاوہ ازیں پی کے ایل آئی نے جے سی آئی ایکریڈیشن کا اعزاز حاصل کرلیا۔ساو¿تھ ایشیا اور پاکستان کے پہلے پبلک سیکٹر میں ہسپتال جس نے یہ اعزاز حاصل کیا۔اس سلسلے میں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ میں جوائنٹ کمیشن انٹرنیشنل حاصل کرنے کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر چیئرمین بورڈ آف گورنرز پی کے ایل آئی پروفیسر سعید اختر، ڈین پی کے ایل آئی پروفیسر فیصل سعود ڈار، ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر فیصل امیر، سینئر صحافی مجیب الرحمٰن شامی اور اداکارہ بشریٰ انصاری کے علاوہ فیکلٹی ممبران اور خواتین و حضرات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر اہم شخصیات کے درمیان یادگاری شیلڈز بھی تقسیم کیں۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ آج کا دن صرف پی کے ایل آئی نہیں بلکہ پورے پاکستان کیلئے ایک تاریخی دن ہے۔ پی کے ایل آئی نے پاکستان اور جنوبی ایشیاءکے پہلے پبلک سیکٹر ادارے کے طور پر جوائنٹ کمیشن انٹرنیشنل کی منظوری حاصل کی ہے۔ یہ کامیابی کئی سالوں کی محنت اور لگن کا نتیجہ ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پی کے ایل آئی وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کا برین چائلڈ ہے۔ پی کے ایل آئی میں الحمدللہ گردے اور جگر کی بیماریوں کا عالمی معیار کے مطابق علاج و معالجہ کیا جاتا ہے۔ اس کامیابی کی اصل حقدار پی کے ایل آئی کی انتظامیہ ہے۔ صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں پی کے ایل آئی کامیابیوں کی بلندیاں حاصل کر رہا ہے۔ پی کے ایل آئی کو یہ کامیابی وزیر اعلیٰ پنجاب اور اس ادارہ کی پیٹرن ان چیف مریم نواز شریف کے ویڑن کے مطابق حاصل ہوئی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صحت کے شعبہ میں انقلابی اصلاحات متعارف کروائی ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ 11 ارب روپے سے زائد رقم کے 1700 سے زائد کامیاب ٹرانسپلانٹ اور جدید روبوٹک سرجریز پی کے ایل آئی کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔