لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے نشر 2 ہسپتال ملتان کا دورہ کیا۔اس موقع پرسیکرٹری صحت عظمت محمود، سیشل سیکرٹری طارق محمود، حمادالرب، چیف پلاننگ آفیسر عبدالحق بھٹی، وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی، ایم ایس نشتر 2 ہسپتال، IDAP کے نمائندگان اور ہسپتال کے نمائندگان بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے جاری ری ویمپنگ منصوبوں اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔اس حوالے سے نشتر ہسپتال ٹو ملتان میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔وائس چانسلر اور ایم ایس نے اس موقع پر پریزنٹیشن دی۔صوبائی وزیر صحت اور سیکرٹری صحت نے وائس چانسلر اور ایم ایس کے ہمراہ بچوں کے ڈے کئیر سنٹر کا بھی افتتاح کیا۔ آئی ڈیپ کے نمائندگان نے جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی۔صوبائی وزیر صحت اور سیکرٹری صحت نے جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کا بہترین علاج و معالجہ ہماری اوّلین ترجیح ہے۔ نشتر ٹو ہسپتال ملتان میں نیورو اور سپائن سرجری کا بھی آغاز کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے ایم ایس و دیگر کو اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے آئی ڈیپ کو جاری ری ویمپنگ منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی ۔سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود نے کہاکہ نشتر ہسپتال ٹو ملتان میں ای این ٹی کا شعبہ بھی قائم کیا جا رہا ہے۔ ری ویمپنگ منصوبوں پر جاری پیشرفت کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔ دریں اثناءصوبائی وزیر صحت نے ملتان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا۔سیکرٹری صحت عظمت محمود، چیئرمین بی او ڈی پی آئی سی ڈاکٹر فرقد عالمگیر، سپیشل سیکرٹری طارق محمود، ڈپٹی سیکرٹری بجٹ حمادالرب اور چیف پلاننگ آفیسر عبدالحق بھٹی بھی خواجہ سلمان رفیق کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایم آئی سی اور ایم ایس بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے ملتان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں مریضوں کی عیادت کی اور طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔کارڈیالوجی کے سرکاری ہسپتالوں کی استعداد کار بڑھانے کیلئے ایک اجلاس کا انعقاد بھی کیا گیا۔وڈیو لنک کے ذریعے سی ای او پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر علی رزاق اور پی آئی ٹی بی کے افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف تمام سرکاری کارڈیالوجی ہسپتال آنے والے مریضوں کیلئے سہولیات میں اضافہ کرنا چاہتی ہیں۔اس حوالے سے پروفیشنلز کی تجاویز اور آراءکا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام الحمدللہ کامیابی سے جاری ہے۔
نشتر ٹو ہسپتال ملتان میں نیورو اور سپائن سرجری کا جلد آغاز کردیا جائیگا :خواجہ سلمان رفیق



















