قیدیوں کی رہائی کا غزہ میں حکمرانی کے مستقبل سے کوئی تعلق نہیں ، مشیر ٹرمپ

واشنگٹن (مشر ق نیوز) منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر برائے مشرق وسطی امور مسعد بولس نے باور کرایا ہے کہ آنے والی امریکی انتظامیہ کی ترجیح مزید تاخیر کے بغیر غزہ کی پٹی میں قید یرغمالیوں کی فوری رہائی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق انٹرویو میں کہا کہ یرغمالیوں کی رہائی کو غزہ کے مستقبل سے متعلق دیگر امور سے الگ رکھا جانا چاہیے۔تاہم ساتھ ہی ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ سمجھوتا عبوری فائر بندی کے سلسلے میں ہونا چاہیے۔بولس نے واضح کیا کہ ٹرمپ کا یرغمالیوں کی رہائی کو غزہ کی پٹی میں حکمرانی کے مستقبل سے مربوط کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔بولس نے مزید کہا کہ ٹرمپ مشرق وسطی میں مستقل امن کو یقینی بنانے کا ویژن رکھتے ہیں۔ انھوں نے واضح کیا کہ فلسطینی ریاست تک پہنچانے والا نقشہ راہ امریکا اور اسرائیل کے درمیان بات چیت میں بنیادی جزو ہو گا۔ایران کے حوالے سے ٹرمپ کے مشیر کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ایک بار پھر ایران پر انتہائی دباﺅڈالیں گے۔ بولس کے نزدیک ٹرمپ کے دوبارہ منتخب ہونے کے بعد سے ایران نے اپنی تدابیر میں تبدیلی کی ہے۔گذشتہ روز موصول ہونے والی معلومات کے مطابق ٹرمپ کے مشیر برائے قومی سلامتی مائیکل والز نے تزویراتی امور کے اسرائیلی وزیر رون ڈرمر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں غزہ کی پٹی میں اسرائیلی یرغمالیوں اور فائر بندی کے حوالے سے معاہدے کی کوششیں زیر بحث آئیں۔