جعلی خبر پر 5 سال قید یا 10 لاکھ جرمانہ، سائبر کرائم ترمیمی بل تیار

اسلام آباد :(بیورو رپورٹ) فیک نیوز پر 5 سال قید یا 10 لاکھ جرمانہ ہوگا، حکومت نے سائبر کرائم ترمیمی بل کا ابتدائی مسودہ تیار کرلیا۔

ذرائع کے مطابق بل کے تحت ڈیجیٹل رائٹس پروٹیکشن اتھارٹی قائم کی جائیگی، سوشل میڈیا سے مواد بلاک کرنے یا ہٹانے کا اختیار ہوگا، اتھارٹی قانون نافذ کرنے والے اداروں یا کسی شخص کیخلاف مواد ہٹانے کے احکامات جاری کرسکتی ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والوں سمیت دیگر اداروں یا کسی شخص کےخلاف خبر دینے اور دہشت پھیلانے والا مواد ہٹا دیا جائیگا، اتھارٹی کے پاس ریاست اور ریاستی اداروں کےخلاف نفرت پھیلانے والا مواد بھی ہٹانے کا اختیار حاصل ہوگا۔

ترمیمی بل کے تحت کسی شخص کو ڈرانے، جھوٹا الزام لگانے اور پورنو گرافی مواد کو بھی ہٹایا جاسکے گا جبکہ جان بوجھ کر جھوٹی معلومات پھیلانے، خوف و ہراس اور بدگمانی پیدا کرنے والوں کو 5 سال قید یا 10 لاکھ روپے جرمانہ ہو گا، حکام کے مطابق اتھارٹی کا ایک چیئرمین اور 6 اراکین ہوں گے، فیصلے کےخلاف ٹریبونل سے رجوع کیا جا سکے گا۔