ایڈز سے متاثرہ افراد کا علاج اور معاشرے کا کارآمد شہری بنانا مشن ہے: خواجہ سلمان رفیق

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے ایڈز سے بچاو کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان میں ایڈز کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے۔ بچاو کیلئے ہم سب کو کاوشیں کرنا ہوں گی۔اپنے پیغام میں وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ایڈز سے متاثرہ افراد کو علاج و رہنمائی سے معاشرے کا کارآمد شہری بنانا ہمارا بنیادی مقصد ہے۔انہوں نے کہا کہ ایڈز کے مریض نفرت نہیں رہنمائی اور ہماری توجہ کے مستحق ہیں۔ایڈز کی روک تھام، جانچ اور علاج تک رسائی میں عدم مساوات کا خاتمہ انتہائی اہم ہو چکا ہے۔ ایڈز کے خاتمے اور علاج کیلئے سرگرم کمیونٹیز کی خدمات کو سراہتے ہیں۔ صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پنجاب بھر میں ڈائیلسز کیلئے ایڈز سکریننگ کے ایس او پیز پر عملدرآمد کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائیگا۔ ایڈز کے خاتمے کے اہداف کو حاصل کرنے کیلئے اقدامات یقینی بنارہے ہیں۔