چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) وفاقی وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی یا کے پی میں گورنر راج کا فیصلہ نہیں ہوا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قیصر احمد شیخ کا کہنا تھا کہ گونر راج سیاسی استحکام کا راستہ نہیں ہے ،سیاسی جماعتوں پر پابندیاں ماضی میں کارگر نہیں رہیں۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ میں پی ٹی آئی پر پابندی یا گورنر راج کا فیصلہ نہیں ہوا، اب بھی سیاسی استحکام کیلئے بات چیت کا راستہ اپنانا چاہیے، جمہوریت میں پرتشدد سیاست کی گنجائش نہیں ہوتی، پرتشدد احتجاج سیاسی جماعتوں کا راستہ نہیں ہے۔ قیصر احمد شیخ کا کہنا تھا کہ احتجاج کرنا حق ہے لیکن معمولات زندگی متاثر نہیں ہونے چاہئیں، سیاسی استحکام کے بغیر پاکستان اپنے ہمسایہ ملکوں کی طرح ترقی نہیں کرسکتا ہے،سب کو دو قدم پیچھے ہٹنا چاہئے تاکہ سیاسی ماحول بہتر ہو۔ وفاقی وزیر بحری امور نے کہا کہ جب کبھی ملک ترقی کرنے لگتا ہے، سیاسی افرا تفری پیدا کردی جاتی ہے، 1970 کے بعد سے ہر الیکشن پر سوالات اٹھائے جاتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ چنیوٹ پنجاب کے وسط میں واقع ہے اور کاروبار کا مرکز ہے، چین، کوریا اور بھارت نے پاکستان کے معاشی ماڈل سے ترقی حاصل کی، پاکستان کے پاس کے اس وقت ترقی کے بہت بڑے مواقع ہیں۔قیصر احمد شیخ نے مزید کہا کہ پاکستان خطے کی راہداری اور معیشت کا مرکز ہے، ہمیں بھارت کا مقابلہ کرنا ہے تو معیشت کو بڑھانا ہوگا، پاکستانی معیشت چالیس سال بھارت سے آگے رہی، پاکستان کی معیشت کی زبوں حالی کا سبب سیاسی تفرقہ بازی ہے۔ دریں اثناءوفاقی وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ نے گزشتہ روز فاسٹ نیشنل یونیورسٹی چنیوٹ کیمپس کے آٹھویں کانووکیشن میں شرکت کی اور پوزیشن لینے والے طلبہ و طالبات کیلئے ایک، ایک لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔ تفصیلات کے مطابق فاسٹ نیشنل یونیورسٹی چنیوٹ فیصل آباد کیمپس میں آٹھویں سالانہ کانووکیشن کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب کی صدارت ریکٹر فاسٹ نیشنل یونیورسٹی آف کمپیوٹر اینڈ ایمرجنگ سائنسز، ڈاکٹر آفتاب معروف نے کی جبکہ خصوصی مہمان بشیر جان محمد، چانسلر انسٹیٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ اور چیئرمین ویسٹبری گروپ آف کمپنیز (ڈالڈا فوڈز)، نے شرکت کی۔اس موقع پر قیصر احمد شیخ نے فاسٹ نیشنل یونیورسٹی چنیوٹ کیمپس کی بنیاد رکھنے اور اس کی ترقی میں اپنی خدمات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ فاسٹ کے چنیوٹ کیمپس میں طالبات کی تعداد دیگر تعلیمی اداروں کی نسبت زیادہ ہے، جو ایک مثبت تبدیلی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے چنیوٹ کیمپس کی تعمیر بھی تیزی سے جاری ہے اور یہ منصوبہ 190 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہو رہا ہے۔ دسمبر میں اس کی افتتاحی تقریب منعقد کی جائے گی۔قیصر احمد شیخ نے چنیوٹ کی جغرافیائی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ شہر پنجاب کے مرکز میں واقع ہے اور یہاں سے چند گھنٹوں میں کروڑوں لوگوں تک رسائی ممکن ہے۔ انہوں نے پاکستان کی ترقی کے مواقع پر روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ تعلیم اور اتحاد کے ذریعے ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔تقریب کے مہمان خصوصی بشیر جان محمد نے کیمپس کے طلبہ و طالبات کی مالی معاونت کیلئے 25 لاکھ روپے کا اعلان کیا -تقریب میں مجموعی طور پر 369 طلباءو طالبات نے ڈگریاں حاصل کیں، جن میں 350 نے گریجویشن، 17 نے ایم ایس/ایم بی اے اور 2 نے پی ایچ ڈی کی ڈگریاں حاصل کیں۔ اس موقع پر میڈلز حاصل کرنے والے طلباءو طالبات کیلئے ایک لاکھ روپے کے انعام کا اعلان بھی کیا گیا۔پروگرام میں کمپیوٹر سائنس، سافٹ ویئر انجینئرنگ، الیکٹریکل انجینئرنگ اور بزنس ایڈمنسٹریشن کے شعبوں کے طلباءو طالبات، ان کے والدین، اور فیکلٹی ممبران نے بھرپور شرکت کی۔یہ تقریب چنیوٹ میں تعلیمی ترقی اور پاکستان کے روشن مستقبل کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
تحریک انصاف پر پابندی، خیبر پختونخواہ میں گورنر راج کا فیصلہ نہیں ہوا: قیصر احمد شیخ
















