لاہور:(اپنے رپورٹر سے )وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے 24 نومبر انتشار کی سیاست کا واٹر لو ثابت ہوا،اسمبلیوں سے ٹی اے ڈی اے لینے والے سڑکوں پر غل غپاڑہ کیوں کررہے ہیں۔
آئی ٹی یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہااگر غل غپاڑہ کرنا ہے تو اسمبلیوں سے استعفے دیں، قوم کو فساد اور انتشار کی سیاست کو” نو“ کہنا ہوگا، دھرنوں سے سٹاک مارکیٹ نیچے آتی ہے ،اوپر لے کر جانا ہے،سازش کے ذریعے 2018 میں تبدیلی لائی گئی، آر ٹی ایس سسٹم بٹھایا گیا، تبدیلی نے سب سے پہلا کلہاڑا سی پیک پر چلایا، چین کی سرمایہ کاری کےخلاف غیر ذمہ دارانہ الزامات لگائے گئے، ان کو ایک ہی طریقہ آتا تھا ہر کسی کو چور اور ڈاکو کہو جو 30 ، 40 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پاکستان آنا تھی وہ دوسرے ممالک میں چلی گئی۔
وفاقی وزیر نے کہا نوجوانوں کو گالیاں اور پگڑیاں اچھالنا نہیں سکھاتے بلکہ لیپ ٹاپ دیتے ہیں تا کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو، ملک کو آج سب سے زیادہ ضرورت ایکسپورٹ بڑھانے کی ہے،اگلے 30 برسوں میں اپنی ایکسپورٹ کو 30 ارب ڈالر سے 100 ارب ڈالر تک نہ پہنچایا تو ملک کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں،چین کے ذریعے ہواوے کمپنی کے ذریعے سالانہ 2 لاکھ نوجوانوں کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کےلئے کام کررہے ہیں۔
غل غپاڑہ کرنا ہے تو اسمبلیوں سے استعفے دیں:احسن اقبال
















